صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدرینے کہا ہے کہ میر واعظ مولانا محمد یوسف شاہ کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کشمیریوں کی جدوجہد اپنے جائز اور بنیادی حق کے لیے ہے، جسے دبانے کے لیے بھارت مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ بھارت کو چاہیے کہ وہ سنجیدگی اختیار کرے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دے، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو فی الفور بند کیا جائے۔
صدر ریاست نے مزید کہا کہ مولانا یوسف شاہ کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم ان کے دینی، ملی اور سیاسی مشن کو آگے بڑھانے کا عزم کریں۔ ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کشمیری عوام کی آزادی، مذہبی اور سیاسی بیداری کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لانی ہوں گی، کیونکہ یہی ان کی جدوجہد کا حقیقی تقاضا ہے۔

