آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط ،بااختیار اور باوقار بنانا میرا عزم ہے اور اس پر ہر صورت عملدرآمد ہو گا ۔ریاست کو کمزور کرنے کی کوششیں کرنے والے شرپسندوں کیلیے دوٹوک پیغام ہے کہ ہم ان کے سامنے نہیں جھکیں گے ، ملکی سلامتی ہم سے تقاضا کرتی ہے کہ ہم اپنی ذات کو ملک و قوم پر ترجیح دیں ،بلدیاتی نمائندے آئندہ کی آزادکشمیر اسمبلی ہے آپ کی عزت ،وقار اور تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ، جو آج کی تقریب میں نہیں آیا اس سے بھی بات چیت کریں گے آئین آزادکشمیر کے تحت دو حکومتیں ہیں ایک اسمبلی کے ذریعے بننے والی حکومت اور دوسرے منتخب بلدیاتی نمائندے ،آزادکشمیر میں فوج مخالف اور ریاست مخالف بیانیہ بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،بھارت جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے مگر اسے ناکامی ہو گی ،افواج پاکستان کے دست وبازو بنیں اور غلط فہمیوں کو جنم نہ لینے دیں،جو لوگ ریاست آزادکشمیر کو کمزور کرنا چاہتے ہیں انہیں شکست دیں گے کیونکہ اس ریاست کی تشکیل میں ہمارے آباؤ و اجداد کا لہو شامل ہے ، بھارت کی دہشت گرد حکومت اربوں روپے لگا کر سوشل میڈیا پر ریاست مخالف بیانیہ بنا رہی ہے اور ہزاروں چینل آپریٹ کر رہے ہیں مگر انہیں ناکام بنائیں گے۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی جانب سے آزادکشمیر بھر کے بلدیاتی نمائندوں کے اعزاز میں دئیے جانے والے افطار ڈنر سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوے کیا ۔اس موقع پر سینئر وزیر وقار احمد نور ،وزراء حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور ،چوہدری اظہر صادق ،احمد رضا قادری ،سردار عامر الطاف ،چوہدری قاسم مجید,نثار انصر ابدالی ،سردار محمد حسین ،چوہدری ارشد،چوہدری جاوید اقبال بڈھانوی ،میاں عبد الوحید،چوہدری یاسر سلطان ،چوہدری عامر یسین ،سید بازل علی نقوی ،ظفر ملک ،دیوان علی چغتائی ،چوہدری عامر یاسین ،محترمہ تقدیس گیلانی جاوید بٹ ،چوہدری رشید ،سردار فہیم ربانی مشیر حکومت احمد صغیر،بلدیاتی نمائندگان کی جانب سے جن ممبران نے خطاب کیا ان میں مئیر میونسپل کارپوریشن باغ میجر (ر) عبدالقیوم بیگ ،چئیرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز عباسی ،چئیرمین ضلع کونسل جہلم ویلی طیب منظور کیانی ،وائس چییرمین میونسپل کارپوریشن پٹہکہ شاہد عثمانی ،ممبر ضلع کونسل مظفرآباد عارف مغل ،چئیرمین میونسپل کارپوریشن چکسواری چوہدری محمد نعیم ،چئیرمین میونسپل کارپوریشن ڈڈیال حاجی مسعود ،شمیم رضا ایڈوکیٹ ممبر ضلع کونسل نکیال ،ممبر ضلع کونسل مظفرآباد خرم اعوان ، مجید راجہ ایڈوکیٹ ممبر ضلع کونسل مظفرآباد ، وائس چیئرمین ضلع کونسل میرپور چوہدری عدنان شوکت ،ممبر ضلع کونسل کھڑی چوہدری تیمور فاروق ،مئیر میونسپل کارپوریشن میرپور چوہدری عثمان ،محمد صبور چئیر مین یونین کونسل ہجیرہ ،چئیرمین ضلع کونسل کوٹلی چوہدری عبدالغفور جاوید ،ممبر ضلع کونسل حویلی نظر گیلانی ،ممبر ضلع کونسل نیلم ویلی امتیاز قریشی ،چئیرمین ضلع کونسل بھمبر ڈاکٹر محمد یوسف سمیت آزادکشمیر بھر سے سینکڑوں ڈسٹرکٹ کونسلرز اور یونین کونسل کے چییرمینز نے شرکت کی۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے بلدیاتی نمائندوں کو خوش آمدید کہتے ہوے کہا کہ میری دو سال کی حکومت میں پہلی باضابطہ تقریب ہے جس میں حکومت کا کوئی وزیر سٹیج پر نہیں بیٹھا یہ ان شرپسندوں کیلیے مضبوط پیغام ہے جو ریاست کو کمزور کرنا چاہتے ہیں ،ہم ان بلدیاتی نمائندوں سے ہیں یہ ہم میں سے ہیں ، ملکی سلامتی کے تقاضے ہم سے کیا مانگ رہے ہیں ہمیں انہیں سمجھنا ہو گا، ریاست ہے تو سیاست ہے اس لئے سب کو خیال رکھنا ہو گا ، آپ کا یہ افطار ڈنر نہ کسی کو پلس کرنے کیلیے ہے نہ کسی کو مائنس کرنے کیلیے، سیاست تربیت یافتہ کارکنوں کا کھیل ہے ۔انہوں نے کہا ہم نے سب دوستوں کو دعوت دی اور آپ کے نمائندوں اور حکومت نے جو
معاہدہ کیا ہے اس میں اگر کوئی سقم ہے تو دور کر لیں ،یہ بیانیہ بنانے کی کوشش کی گئی کہ جبر کی بنیاد پر اسمبلی کا گھیراؤ کر کے اپنے مطالبات منوائیں گے ، ہمیں ہوش مندی کا ثبوت دینا ہے بلدیاتی نمائندے آئندہ کی آزادکشمیر اسمبلی ہے، میں بطور وزیراعظم بلدیاتی نظام کو مضبوط بناؤں گا ،آپ کی عزت وقار اور تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ۔تین روپے بجلی اور دو ہزار من آٹا دے رہے ہیں شرپسند کہتے تھے کہاں سے پورا کریں گے اللّہ پاک نے بڑا کرم کیا دو سال پورے ہونے کو ہیں ، اپنے لوگوں کے ساتھ بیٹھنا چاہیے مجھے آپ کی بات سے کوئی اختلاف نہیں ، جو آج نہیں آ رہے انہیں کل بٹھا لیں یہ کوئی اختلاف کی وجہ نہیں ہے گفتگو سے انکار کرنے والا سیاسی کارکن نہیں ہو سکتا آج کی افطار پارٹی آپ کے اعزاز میں یہ یقین دلانے کیلیے ہے کہ آپ کے اختیارات پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو رہا ، آپ کو بھی پتہ ہے جس ایکٹ میں آپ ترمیم کروانا چاہتے ہیں وہ آزادجموں و کشمیر اسمبلی نے کرنی ہے جو لوگ اس کی آڑ میں اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں واضح پیغام ہے کہ ان کے مکر و فریب نہیں چلیں گے وہ ناکام ہونگے ۔انہوں نے کہا جو نہیں آیا اس سے بھی بات کریں گے ہماری طرف سے آپ کو پورا اختیار ہے ان کے ساتھ بات کریں ،آئین آزادکشمیر کے تحت دو حکومتیں ہیں اسمبلی اور بلدیاتی نمائندے باقی کسی کے پاس فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہے یہ لازم و ملزوم ہیں اور ایک دوسرے کا پردہ ہیں ، آپ کو پتہ ہے حقوق کے نام پر بلوچستان اور خیبر پختون خواہ میں کیا ہوا حقوق کے نام پر آزادکشمیر میں ریاست مخالف اور فوج مخالف بیانیہ بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، بھارت کی حکومت جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے اسے ہم نے ناکام بنانا ہے ایک گھر میں والدین چار بچوں کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتے یہ تو پھر حکومت ہے ، ہم میں ظرف بھی ہے ، حوصلہ بھی ہے احساس بھی ہے اور واضح سوچ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ عزت اور ذلت اللہ پاک کی طرف سے ہے ۔ اللّہ پاک کے فضل سے 20 اپریل 2023 سے آج دن تک میرے خلاف بہت پروپیگنڈہ کیا گیا مگر اللّہ تعالیٰ کے فضل سے اب بھی قائم ہوں حکومت کی وسیع القلبی اور فراخدلی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، جمہوریت میں آگے بڑھنے کا ایک ہی طریقہ ہے بیٹھو اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرو ، گفتگو سے حکومت پیچھے نہیں ہٹے گی ہم اپنی بات پر قائم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہو گی ایک ارب روپیہ آپ کے لئے رکھ دیا وفاقی حکومت سے کہا ہے جونہی اضافہ ملا آپ کو دینگے آپ کے اختیارات میں کمی نہیں آنے دونگا ، آئین سازی اور قانون سازی آپ کی خواہشات کے مطابق کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آپ کو دس دس لاکھ روپے یونین کونسل وائز اور ضلع کونسل وائز پیسے دئیے ، میں اسوقت بھی یہ کہتا تھا آج بھی یہ کہتا ہوں کہ چیئرمین اور ممبر یونین کونسل کے ساتھ زیادتی ہوئی آج آپ سب نے ملکر یہ تجویز کیا ہے کہ ایک فائنانس کمیشن بنایا جائے جو وسائل تقسیم کرے بڑی جائز بات ہے آئینی بات ہے اس فائنانس کمیشن کی اگر آپ کو ہئیت ترکیبی پر اعتراض ہے دور کر لیجیے مجھے کیا اعتراض ہے جس طرح آپ چاہتے ہیں فیصلہ کریں حکومت آپ کو بھرپور سپورٹ کریگی ، وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے رمضان المبارک میں تشریف لانے پر بلدیاتی نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کیلیے حکومت کی جانب سے ایک کمیٹی بنائی گئی جس کی سربراہی میرے پاس رہی، وزراء اسکے ممبر تھے ، میں نے پوری کوشش کی کہ حکومت اس حوالے سے بہترین قانون سازی کرے ۔انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے باوجود حکومت کا موقف رہا کہ عوامی مینڈیٹ یا حکومت کے پاس ہے یا پھر بلدیاتی نمائندوں کے پاس ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقی اسی میں ہے کہ ہم اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوے عوام کی خدمت کریں ،اس کمیٹی نے پچھلے ڈیڑھ سال میں بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کئے تاکہ اس نظام کو باوقار اور عوام دوست بنایا جا سکے ، بجٹ کو فائنانس کمیشن بنانے کے حوالے سے بات کی گئی ، ضلع کونسل میں مینڈیٹ میں اضافے کے حوالے سے بات کی گئی اسی طرح معاملات اور مسائل کو حل کرنے کیلئے کوششیں کی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایکٹ میں ترمیم کیلیے اتفاق ہوا پھر عدالتی فیصلہ آ گیا اسکی وجہ سے کچھ دیر ہو گئی ۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی سے میٹنگ طے تھی ایک فوتگی کی وجہ سے وہ نہ ہو سکی ،پھر ایک بیانیہ بنایا گیا کہ حکومت الگ ہے اور بلدیاتی نمائندے الگ ہیں اور ان میں اختیارات کی رسہ کشی ہے ،حکومت نے 85 کروڑ کے فنڈ بلدیاتی نمائندوں کو دئیے ہیں ہم ایکٹ میں ترمیم کر کے آپ کو مزید بااختیار بنانا چاہتے ہیں اس میں یہ پروپیگنڈہ کیا گیا کہ حکومت ایکٹ کے ذریعے بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات محدود کرنا چاہتی ہے آپ سے پوچھے بغیر اور آپ کی مشاورت کے بغیر کوئی ترمیم نہیں ہو گی ، ایکشن کمیٹی اور بلدیاتی نمائندوں میں زمین آسمان کا فرق ہے ، ہم پولیٹیکل لوگ ہیں آپ سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ پر منتخب ہو کر آئے ہیں ہم سمجھتے ہیں آپ پر عوام کا پریشر ہے آپ کو بااختیار کرنے سے حکومت با اختیار ہوگی اور حکومت کے سر سے پریشر کم ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ آپ سیاسی جماعتوں کا حصہ ہیں آپ نے الیکشن کی پریکٹس اپنی آنکھوں سے دیکھی ہے اس حکومت کو بہت سے چیلنجرز کا سامنا ہے ، میں ان تمام بلدیاتی نمائندوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے آپ کو قواعد کے مطابق رکھا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت آپ کے ساتھ 18 تاریخ کو طے شدہ بات چیت پر مکمل عملدرآمد کرے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری عدنان شوکت وائس چیئرمین ضلع کونسل میرپور نے کہا کہ میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق اور وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے بلدیاتی نمائندوں کی مایوسی کو دور کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فیصل راٹھور نے کمیٹی کے ذریعے اس سمت میں اچھا کام کیا ہے بلدیاتی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان جو معاملات طے ہیں اس پر عملدرآمد کیا جائے گرانٹ کو بھی ایک ارب سے بڑھایا جائے ۔چوہدری تیمور فاروق ممبر ضلع کونسل میرپور کھڑی نے کہا کہ میں وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،ہم بلدیاتی نمائندے سسٹم کا اہم حصہ ہیں اس لئے ہمیں بااختیار بنانے کی ضرورت ہے ،حکومت اور بلدیاتی نمائندوں کے درمیان جو معاہدہ ہے اس پر عمل ہونا چاہیے ۔مئیر میونسپل کارپوریشن میرپور چوہدری عثمان نے کہا کہ ہماری آج کی تقریب بہت مثالی ہے ہم وزیراعظم اور وزیر لوکل گورنمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے وزراء کو بڑا بھائی سمجھا ہے اس لئے ہم اپنے معاملات حل کرنے کیلیے حکومت کے پاس آتے ہیں انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ 18 تاریخ کو طے ہونے والے معاہدے پر عمل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم آپ کے چھوٹے بھائی ہیں ۔چوہدری صبور نے کہا کہ میں وزیراعظم آزادکشمیر کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور وزیر لوکل گورنمنٹ راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، بلدیاتی نمائندوں کی لیگل کمیٹی اور حکومت کی لیگل کمیٹی کے درمیان اجلاسوں کے دوران جو معاملات طے ہوۓ وہ تسلی بخش ہے ایک تجویز ہے کہ ایک ارب روپے کے فنڈز کو بڑھایا جائے اس پر ہم حکومت کے مشکور ہونگے ۔چوہدری عبدالغفور جاوید چیئرمین ضلع کونسل کوٹلی نے کہا کہ 18 تاریخ کو جو ہمارے درمیان جو معاہدہ طے پایا تھا ہم اسی پر سٹینڈ کرتے ہیں وزیراعظم سے گزارش ہے کہ اسکو جلد اسمبلی میں لائیں ، مختصر ٹائم میں شاندار تقریب اور افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ،ہم ایک دوسرے کا دست وبازو بنیں گے اور تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے ۔نظر گیلانی ممبر ضلع کونسل حویلی نے کہا کہ آج جس مقصد کیلیے وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے یہ پروگرام رکھا اس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اس تقریب ہر وزیراعظم چوہدری انوارالحق کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو دئیے جائیں ،حکومت اور بلدیاتی نمائندے لازم و ملزوم ہیں ہمیں ایک دوسرے کی ٹانگیں نہیں کھینچنی بلکہ ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنا ہے، وزیر لوکل گورنمنٹ نے فنڈز ہمیں دئیے ہم نے اس پر منصوبے بنائے ۔امتیاز قریشی ممبر ضلع کونسل نیلم ویلی نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں اور حکومت کے درمیان لیزان ہونا چاہیے اس سے رابطہ بڑھے گا ۔میجر (ر) عبدالقیوم بیگ مئیر میونسپل کارپوریشن باغ نے کہا کہ اسوقت ہمیں دیکھنا ہے ہمارا خطہ کن حالات سے دوچار ہے ، وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، حکومت اور بلدیاتی نمائندوں کو مل کر چلنا ہے ،ہمیں آگے بڑھنا ہو گا میرے اور تیرے کی لڑائی سے باہر آنا ہو گا ۔انہوں نے کہا ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہو گا آپ لوگ غازی ملت ،مجاہد اول ،راجہ ممتاز حسین راٹھور ،صاحبزادہ اسحق ظفر کی وجہ سے یہاں بیٹھے ہوئے ہیں بات پیسے کی نہیں ہیں انہیں عزت دیں ہم اس ایکٹ کی بحالی چاہتے ہیں ، یہ خطہ اسکا متحمل نہیں ہو سکتا یہاں جس کا کوئی کردار نہیں ہے وہ ایکشن کمیٹیوں کے رحم و کرم پر ہے کچھ لوگ جو اس پروگرام میں شرکت نہیں کر سکے، آپ بھی منتخب ہیں ہم بھی منتخب ہیں ۔ محسن مجید راجہ ایڈووکیٹ ممبر ضلع کونسل مظفرآباد نے کہا کہ وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں یہ سب کچھ پہلے ہونا چاہیے تھا ہمارے معاملات اور ہماری مشکلات اسی فورم سے حل ہونی ہے ،سیاسی لوگ مذاکرات کے ذریعے ہی اپنے معاملات حل کراتے ہیں۔ سردار امتیاز عباسی چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد نے کہا کہ ہم اختیارات کو مرتکز کرنا چاہتے ہیں ، پاکستان اور آزادکشمیر میں صرف شخصی حکومتوں میں بلدیاتی نظام مضبوط ہوا جو بڑا بااختیار نظام تھا ۔انہوں نے کہا کہ اس نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے اختیارت کی تقسیم ہونی چاہیے ہم اسمبلی نہیں ہیں ہم لوکل گورنمنٹ ہیں حکومت اسمبلی کی ہے ۔انہوں نے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق انتہائی خندہ پیشانی سے ملے اور کھلے دل سے اس بات کا اظہار کیا کہ میں خود بلدیاتی نظام سے اوپر آیا ہوں اس لئے میں اس نظام کا خیال رکھوں گا ۔انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بلدیاتی اختیارات کا ایکٹ بنانے کا فیصلہ ہوا ،ڈیڈ لاک 18 فروری کے بعد آخری اجلاس کے بعد پیدا ہوا دو باتوں پر ڈیڈ لاک ہوا جس پر سینئر وزیر نے کہا کہ ہم وزیراعظم کی جانب سے ضمانت دیتے ہیں ہم اسے اسمبلی سے منظور کروا لیں گے اگلے دن عدالت کا فیصلہ آ گیا پھر وزیراعظم نے ہمیں بلایا جس پر میں نے کہا کہ آپ اسے اسمبلی میں لے جائیں ہم آپ کے ساتھ ہیں لیکن لیگل ایڈوائزری یہ دی گئی کہ عدالت کا فیصلہ ہے ابھی اسمبلی میں پیش نہیں ہو سکتا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل سپریم ادارہ ہوتا ہے آج کی افطاری پر آپ کا شکریہ اس لئے میری درخواست ہے کہ جو ساتھی آج نہیں آئے انہیں بھی بلایا جائے ہم آپ کا ایندھن ہیں ، وزراء سمیت ایم ایل ایز کو ہمارے کام میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے اور بلدیاتی نمائندوں کو ان کے کام میں ۔وزیراعظم جس طرح قواعد کو سمجھتے ہیں اس پر انکا کوئی ثانی نہیں ہے ۔طیب منظور کیانی چییرمین ضلع کو نسل جہلم ویلی نے کہا کہ وزیراعظم اور وزراء حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں اس سے ہمیں ایک بہترین روڈ میپ ملے گا ، ہمارا مینڈیٹ انکا مینڈیٹ ہے بلدیاتی نظام کو مضبوط کرنا ہماری منزل ہے یہ منزل ہم آپ کی مدد سے حاصل کریں گے ۔شاہد عثمانی وائس چیئرمین میونسپل کارپوریشن پٹہکہ نے کہا کہ ہمیں ملکر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے حکومت اور کابینہ ہی ہمارے مسائل حل کرے گی ہمیں ان پر پورا اعتماد ہے امید ہے یہ ہمارا خیال رکھیں گے۔
عارف مغل ممبر ضلع کونسل مظفرآباد نے کہا کہ وزیراعظم کا شکریہ کہ انہوں نے سیاسی کارکنوں کو اپنے ساتھ بٹھایا ،ہم پیپلز پارٹی کے لوگ ہیں ہم اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں ہم سیاسی کارکن ہیں ہمارا خیال رکھا جائے ایک ملک میں دو حکومتیں نہیں ہو سکتیں ہمیں ہمارا حق دیا جائے جو پیسے دئیے گئے وہ مخصوص نشستوں والوں کو نہیں دئیے گئے ۔چوہدری محمد نعیم چیئرمین میونسپل کارپوریشن چکسواری نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا شکریہ حکومت کے فنڈ ہوں یا بلدیاتی نمائندوں کے فنڈ اس سب کا فائدہ عوام کو ہو گا ۔عوام کے کام ہمیں چاہئیں جس کے لئے ہم آواز بلند کرتے رہیں گے ۔حاجی مسعود چیئرمین میونسپل کمیٹی ڈڈیال نے کہا کہ میرپور میں وزیراعظم کے ساتھ ملاقات رہی آپ کا بہت شکریہ ہمیں اکٹھے ہونے کا موقع فراہم کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کوئی مراعات نہیں لے رہے یہ وقت کا ولی ہے ،انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کا احترام کیا جائے 18 فروری کو جو معاہدہ ہوا اس پر عمل کیا جائے 4 کنال میں سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ ہے ، ہم ڈڈیال میں وزیر حکومت اظہر صادق کی قیادت میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں ۔شمیم رضا ایڈووکیٹ نے کہا کہ وزیراعظم کے انقلابی اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں آپ نے جس طرح اپنا نام بنایا یہ فیصلہ بھی کر کے جائیں تاکہ آپ کا نام تاریخ میں ذندہ رہے ، ہمارے درمیان جو معاہدہ ہے اس پر عمل کیا جانا چاہیے ۔خرم اعوان ممبر ضلع کونسل مظفرآباد نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والوں کا خیال رکھا جائے، سیاسی کارکن ہمیشہ سیاست کو مقدم رکھا جائے، مسلح افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،چئیرمین ضلع کونسل بھمبر ڈاکٹر محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں آپ کی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں کچھ لوگوں کو دعوت نہیں دی گئی سب کو ساتھ لیکر چلیں اسی میں سب کا بھلا ہے، ہم نے اپنی ڈومین میں رہنا ہے اس لئے بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔تقریب کی نظامت کے فرائض ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر منہاس نے ادا کئے ۔

