صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے برطانیہ اور امریکہ کا کامیاب دورہ کیا ہے جس میں، میں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی ہے۔

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے برطانیہ اور امریکہ کا کامیاب دورہ کیا ہے جس میں، میں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی ہے۔ میں نے اپنے دورے کے دوران برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کیا جبکہ اسی طرح میں نے امریکہ میں بھی اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں اور انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے کشمیری عوام کا مقدمہ رکھا۔ میں نے اپنے دورے کے دوران کشمیری کمیونٹی سے بھی خطاب کیا۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5اگست 2019ء کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں شروع کر دیں ہیں جس سے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے لیکن دنیا اب جان چکی ہے کہ بھارت ایک عالمی دہشت گرد ہے اور اس کے واضح اور دوٹوک ثبوت کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈین پارلیمنٹ میں پیش کیے۔ لہذا مسئلہ کشمیر کے اس اہم اور نازک موڑ پر اب وقت آگیا ہے کہ بھارت اور مودی کی ہندوتوا پالیسیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے کیونکہ بھارت دنیا کی سب بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار ہے جبکہ بھارت میں جمہوریت نہیں بلکہ ایک ہندو آمریت ہے جو نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ بھارت میں مقیم اقلیتوں پر بھی مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ جس سے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آشکار ہو چکا ہے۔ لہذا اب ضرورت اس امر کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے اوورسیز کشمیری اُٹھ کھڑے ہوں اور بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر عالمی ضمیر کو جھنجوڑیں۔ ہم یہاں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری اُن کی آزادی کی جدوجہد میں اُن کے شانہ بشانہ ہیں اور انشاء اللہ وہ وقت قریب ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کے ظالمانہ اور جابرانہ قبضہ سے آزاد ہو کر رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آج یہاں لندن میں قومی، بین الاقوامی پرنٹ و الیکٹرنک میڈیا کی ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پریس کانفرنس کی میزبانی کی فرائض چوہدری حکم داد، چوہدری فاروق، چوہدری دلپذیر نے سرانجام دئیے جبکہ اس موقع پر شاکر علی، چوہدری عنصر صارم، بشارت سلیم، شیراز فاروق اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے میرپور میں رٹھوعہ ہریام برج کی تکمیل، میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قیام، میرپور مظفرآباد موٹروئے اور میرپور میں سی پیک بزنس سنٹرکے قیام سمیت دیگر منصوبوں کے لئے اپنی کوششیں تیز کر دیں ہیں اور انشاء اللہ اس سلسلے میں جلد عوام کو اچھی خبر ملے گی۔ صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے اپنے امریکہ کے دورے میں وہاں کے کانگریس مین سمیت دیگر اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں اور مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔ اسی طرح میں نے برطانوی پارلیمنٹ میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے خطاب کر کے اس بات پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے اور برطانوی پارلیمنٹ اور برطانوی حکومت سے اس سلسلے میں کردار ادا کرنے کو کہا۔ صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے اپنے دورے کے دوران برطانیہ اور امریکہ میں مختلف جلسوں اور تقریبات سے بھی خطاب کیا جس میں، میں نے اوورسیز کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ بھارت کی ریشہ دوانیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کریں۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے میرپور میں برٹش خاتون کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر اپنی انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور شفاف تحقیقات مکمل کر کے ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ اس سلسلے میں برطانیہ میں مقیم کشمیریوں میں بھی اضطراب پایا جاتا ہے لہذا اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے بھی جامع اور ٹھوس حکمت عملی مرتب کی جائے۔

Share This Post

More To Explore