چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی صدارت میں سٹیٹ جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کا پندرہواں اجلاس سپریم کورٹ سرکٹ میر پور کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔

چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی صدارت میں سٹیٹ جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کا پندرہواں اجلاس سپریم کورٹ سرکٹ میر پور کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر (چیئرمین) کمیٹی کے علاوہ سینئر حج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم (ممبر)، چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ (ممبر) اور جسٹس سردار لیاقت شاہین، سینئر جج ہائی کورٹ (ممبر) سیکرٹری قانون، انصاف و پارلیمانی امور (سیکر ٹری) نے شرکت کی۔ اجلاس کا با قاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر نے سٹیٹ جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے جملہ اراکین کو خوش آمدید کہا اور اجلاس میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا اس فورم پر مل بیٹھنے کا بنیادی مقصد آزاد جموں و کشمیر میں پورے عدالتی نظام کو در پیش مسائل اور ایسے چیلنجز کا جائزہ لے کر ان کا مناسب حل تجویز کرنا ہے جن سے سسٹم آف ایڈ منسٹریشن آف جسٹس میں بہتری میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ عام آدمی کو فوری اور مؤثر انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نظام عدل کے لئے مناسب اور معیاری انفراسٹرکچر اور ایسا عدالتی نظام وضع کیا جاسکے جو فراہمی انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں ممد و معاون ثابت ہو اور ہم ریاست میں ایک انصاف پر مبنی مثالی فلاحی معاشرہ کے قیام کے لئے فضا قائم کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔ اس موقع پر انھوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی عدلیہ کے اس سب سے بڑے فورم پر کئے جانے والے فیصلوں اور جاری کردہ ہدایات اور احکامات پر عمل درآمد ہائی کورٹ کے ذریعہ ہی ہو گا اور چیف جسٹس ہائی کورٹ کی جانب سے اس سلسلہ میں کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ہم سب نے مل کر نظام فراہمی انصاف میں بہتری کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مستقبل کے لئے ایک بہترین عدلیہ کا وجود قائم کرنا ہے تاکہ آنے والی نسلیں نظام عدل کے ثمرات سے مستفیض ہو سکیں۔ سٹیٹ جوڈیشل پالیسی میٹنگ کمیٹی کے پندرہویں اجلاس کا ایک نقاطی ایجنڈا گذ شتہ اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لینا تھا۔ سیکر ٹری قانون آزاد جموں و کشمیر جو کہ کمیٹی کے سیکرٹری بھی ہیں نے کمیٹی کے چودہویں اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد اور پیش رفت سے متعلق تفصیل پیش کی۔ ایجنڈا آئٹم نمبر 1 میں ڈسٹرکٹ جج صاحبان کی گاڑیوں کے مونوگرام، لاگ بکس کا معاملہ زیر غور آیا۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ (ممبر) جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی نے اجلاس کو بتایا کہ گذشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلہ پر عمل درآمد کرتے ہوئے مورخہ 4 فروری 2025 کو اس سلسلہ میں ایک نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت ضلعی حج صاحبان کی گاڑیوں کو لاگ بک سے مستثنیٰ کر دیا گیا ہے جبکہ مونوگرام پر ان کا عہدہ کندہ کرنے کے لئے ایک نیاڈیزائن تیار کیا گیا ہے جس کا ملاحظہ جلدی کروایا جائے گا۔ ایجنڈا آئٹم نمبر 2 میں کنزیومر عدالتوں کے قیام کے سلسلہ میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکر ٹری قانون نے اجلاس کو بتایا کہ گذشتہ اجلاس میں جاری احکامات کی تعمیل میں ان عدالتوں کے قیام کے لئے محکمہ صنعت و حرفت کی جانب سے مرتب شدہ مجوزہ مسودہ قانون میں لازمی کانٹ چھانٹ کرنے کے بعد متعلقہ محکمہ کو بغرض مزید کارروائی ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ اس سلسلہ میں قانون سازی کے لئے مزید کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر (چیئر مین) نے سیکرٹری قانون کو ہدایت کی کہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کے ساتھ رابطہ بر قرار رکھتے ہوئے قانون سازی کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ایجنڈا آئٹم نمبر 3 میں ہائی کورٹ کے انتظامی جج سے متعلق معاملہ کو زیر غور لایا گیا۔ انتظامی جج جو کہ جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے رکن بھی ہیں انھوں نے اجلاس کو بتایا کہ گذشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی روشنی میں ایک نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور مستقبل میں چیف جسٹس ہائی کورٹ کی پیشگی اجازت کے بغیر ہائی کورٹ کے کوئی بھی جج کسی بھی عدالت یا سر کاری یا نیم سرکاری ادارہ میں دورہ نہیں کر سکیں گے نیز عوامی اجتماعات اور دیگر مقامات پر عدلیہ سے متعلق ہر قسم کی گفتگو سے گریز کیا جائے گا۔ انھوں نے بطور انتظامی جج ایک تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی جس پر چیئر مین کمیٹی نے ان کی کار کردگی کو سراہا۔ ایجنڈا آئٹم نمبر 4 میں سروس ٹربیونل ایکٹ میں ترمیم سے متعلق معاملہ زیر غور آیا۔ یادر ہے کہ سٹیٹ جوڈیشل پالیسی میگنگ کمیٹی کے چودھویں اجلاس میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے ہدایت کی گئی تھی کہ چونکہ سروس ٹربیونل ایکٹ میں چیئرمین اور اراکین کی تقرری کا طریقہ کار دیا گیا ہے جب کہ ان کی ریموول کا کوئی میکنزم مہیا نہیں کیا گیا جو کہ قانون میں ایک اناملی ہے اسے دور کیا جانا چاہیے۔ گذشتہ اجلاس میں سیکرٹری قانون کو اس سلسلہ میں ایک مجوزہ مسودہ تیار کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ سیکرٹری قانون نے اجلاس کے روبرو ایک ترمیمی ڈرافٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے گذشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلہ کی تعمیل میں سروس ٹربیونل ایکٹ کی دفعہ 3 میں ترمیم تجویز کرتے ہوئے چیئر مین اور اراکین کی ریموول کا طریقہ کار تجویز کیا گیا ہے اور ایک مسودہ قانون مرتب کر کے قانون ساز اسمبلی کو ارسال کیا جارہا ہے۔ چیئر مین کمیٹی (چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر) نے سیکرٹری قانون کو ہدایت کی سروس ٹربیونل ایکٹ میں مجوزہ ترامیم پر قانون سازی کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ ایجنڈا آئٹم نمبر 5 میں اعلیٰ عدلیہ کے معزز جج صاحبان کے عدالتی لباس کا معاملہ زیر غور لایا گیا اور سیکر ٹری قانون سے اس معاملہ میں پر اگر یس کی نسبت دریافت کیا گیا۔ سیکر ٹری قانون نے اجلاس کو بتایا کہ اس سلسلہ میں سیکرٹری اسمبلی کو مورخہ 24 جنوری 2025 کو ایک مکتوب مجوزہ ترمیمی بل کے ہمراہ ارسال کیا گیا ہے جو اس وقت قانون ساز اسمبلی کی متعلقہ سٹینڈنگ کمیٹی کے پاس زیر کار ہے اور امید ہے کہ جلد ہی قانون سازی کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر نے ہدایت کی کہ اس معاملہ میں قانون سازی کے سلسلہ میں ہونے والی پیش رفت کو یقینی بناتے ہوئے مجوزہ مسودہ قانون پر قانون سازی مکمل ہونے کے بعد کمیٹی کو آگاہ کیا جائے۔ ایجنڈا آئٹم نمبر 6 میں سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد کا معاملہ زیر غور لایا گیا۔ جوڈیشل پالیسی میگنگ کمیٹی نے قرار دیا کہ سپریم کورٹ کے ایسے تمام فیصلہ جات جن میں ہائی کورٹ کو ایک مقررہ مدت کے اندر فیصلہ کرنے کا حکم دیا گیا ہو ایسے تمام فیصلوں کی تفصیل رجسٹرار سپریم کورٹ بذریعہ مکتوب رجسٹرار ہائی کورٹ کو ارسال کریں گے اور رجسٹرار ہائی کورٹ ایسے مقدمات کی تفصیل چیف جسٹس ہائی کورٹ کو پیش کریں گے اورہائی کورٹ کے جن بینچز میں ایسے مقدمات زیر کار ہوں ان پر لازم ہو گا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں دی گئی مدت کے اندر ایسے مقدمات کو نمٹایا جائے تاکہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد کے سلسلہ میں تاخیر جیسی صور تحال پیدا نہ ہو۔ اس سلسلہ میں رجسٹرار ہائی کورٹ ایک باضابطہ میکنزم بنائیں۔ چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر نے ہدایت کی کہ رجسٹرار ہائی کورٹ کی ذمہ داری ہے کہ ایسے تمام مقدمات جن میں سپریم کورٹ کی جانب سے مقررہ مدت کے اندر فیصلہ کرنے کا حکم دیا گیا ہو ان مقدمات کا ریکارڈ ایک رجسٹر پر درج رکھیں۔ اس موقع پر چیف جسٹس ہائی کورٹ (ممبر) نے تجویز پیش کی کہ رٹ ایڈمیشن کے لئے بعض اوقات 30 ایام میں فیصلہ کرنے میں تاخیر ہو جاتی ہے لہذا اس پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے کم از کم 90 ایام کی مدت مقرر ہونا چاہیے۔ اس معاملہ پر تفصیلی غور و خوض کے بعد چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر (چیئرمین) نے اس سلسلہ میں مطبوعہ فیصلہ عنوانی نعمان اجمل بنام معین نسیم (2019 ایس سی آر 724) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے اس مقدمہ میں پالیسی گائیڈ لائنز دی ہوئی ہیں جن میں رٹ ایڈمیشن کا فیصلہ 30 ایام کے اندر کرنے سرکٹ میر پور میں ہائی کورٹ کے کم از کم دو جج صاحبان کو بغرض سماعت مامور کرنے، چھ ماہ پہلے ٹور پروگرام جاری کرنے، ہر تین ماہ بعدہائی کورٹ کے جج صاحبان کے اجلاس منعقد کرنے، فیملی مقدمات کے فیصلے چھ ماہ کے اندر کرنے، ماتحت عدلیہ کی جانب سے فیصلوں کی پر اگریس رپورٹس کو پبلش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ غوروخوض کے بعد طے ہوا کہ اگرچہ نعمان اجمل کے مقدمہ میں رٹ ایڈمیشن کے سلسلہ میں ایک پالیسی آچکی ہے تاہم ناگزیر وجوہ کی بناء پر اس میں نظر ثانی کی جاسکتی ہے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ (چیئرمین) نے قرار دیا کہ چیف جسٹس ہائی کورٹ کی تجویز کو پزیرائی بخشتے ہوئے پر نسپ سیٹ پر رٹ ایڈمیشن کے لئے 30 ایام کے بجائے 60 ایام کی مدت مقرر کی جائے جب کہ سرکٹ بینچوں میں یہ مدت 90 ایام ہو گی۔ علاوہ ازیں دیگر تمام مقدمات میں سپریم کورٹ کی جانب سے دی جانے والی ہدایات اور سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ کے لئے مقررہ مدت کے اندر فیصلہ کرنا آئینی تقاضا ہے۔ یہ بھی طے ہوا کہ فی الوقت ایک جج صاحب کو پندرہ ایام کے لیئے میر پور سرکٹ میں مامور کیا جا سکے گا تاہم ہائی کورٹ میں ججز کی تعداد میں پوری ہونے کی صورت میں مستقل جج بھی تعینات کیا جا سکتا ہے۔۔ جہاں تک ہائی کورٹ کے ججز صاحبان کی سہ ماہی میٹنگ کا تعلق ہے چیف جسٹس ہائی کورٹ نے اجلاس کو یقین دہانی کروائی کہ چوں کہ قبل ازیں ان اجلاسوں کی کارروائی کو ضبط تحریر میں نہیں لایا گیا جب کہ آئندہ اجلاسوں کی کارروائی کو تحریر میں لایا جا کر کمیٹی کے روبرور پورٹ پیش کی جائے گی۔ اجلاس میں قرار دیا گیا کہ فیملی کورٹ ایکٹ کی منشا اور اس خصوصی قانون پر من و عن عمل درآمد کو سختی کے ساتھ یقینی بنایا جائے۔ یہ بھی طے پایا کہ کمیٹی کے گذشتہ اجلاس میں فیملی کورٹ ایکٹ میں ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے پیش کردہ تجویز کو کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں زیر غور لایا جائے گا۔ چیئر مین جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کی اجازت سے سینئر جج ہائی کورٹ نے نشاندہی کی کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت ملزم کے بیانات جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو ریکارڈ ہونا چاھئیں جو اس سلسلہ میں قانون سے واقفیت رکھتے ہیں جب کہ ایسے آفیسر ان جو کہ فوجداری قانون سے نابلد ہوں ان کے روبرو ملزم کا بیان زیر دفعہ 164 ضابطہ فوجداری ریکارڈ ہونا کسی صورت بھی قرین انصاف نہیں۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ نے اس سلسلہ میں اجلاس کو یقین دھانی کروائی کہ اس معاملہ کو زیر غور لاتے ہوئے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔ سینئر جج سپریم کورٹ (ممبر) نے تجویز دی کہ بیان زیر دفعہ 164 ضابطہ فوجداری صرف جوڈیشل مجسٹریٹ درجہ اول کے علاوہ کوئی دوسرا فرد نھیں لے سکتا۔ اس طرح متفقہ طور پر طے پایا کہ اس معاملہ کا ہائی کورٹ کی سطح پر جائزہ لیا جائے گا اور ملزم کو بیانات زیر دفعہ 164 ضابطہ فوجداری کے لئے آئندہ صرف جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا جا سکے گا۔ اجلاس میں ایکس کیڈر ضلعی جج صاحبان سے متعلق معاملات کو بھی زیر غور لایا گیا۔ قرار دیا گیا کہ ایسے ججز صاحبان کی رخصت، مامورگی اور دیگر تمام شرائط ملازمت سے متعلق پنجاب میں رائج طریقہ کار کی نسبت معلومات حاصل کی جائیں اور چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر نے سیکرٹری قانون کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس سے قبل ایکس کیڈر ضلعی جج صاحبان کی شرائط ملازمت سے متعلق مکمل معلومات حاصل کرتے ہوئے ایک مکمل پالیسی پیش کی جائے۔ اجلاس میں یہ معاملہ بھی زیر غور آیاآزاد جموں و کشمیر میں بعض اوقات سول ججز صاحبان فیصلہ صادر کرتے وقت پرانے عدالتی نظائر کا حوالہ درج کر دیتے ہیں جبکہ اکثر مقدمات میں پرانے فیصلوں کو اوور رول کر دیا گیا ہوتا ہے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر قرار دیا گیا کہ ایسی صور تحال تازہ ترین فیصلوں کی تمام ماتحت عدالتوں میں عدم دستیابی کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر قرار دیا کہ تمام ماتحت عدالتوں کی لائیبریریوں میں سپریم کورٹ ریکارڈر کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ماتحت عدلیہ کے سول جج صاحبان تازہ ترین فیصلوں سے آگاہ ہوں اور مقدمات میں فیصلہ صادر کرتے وقت پرانے فیصلوں کے بجائے تازہ ترین فیصلوں اور اصول قانون کو مد نظر رکھا جاسکے۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ نے اجلاس کو یقین دہانی کروائی کہ تمام سول حجز کی عدالتوں میں ایس سی آر کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا تا کہ آئندہ ایسی صور تحال پیدا نہ ہو۔۔ آخر میں چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر نے تمام شرکائے اجلاس کا ایک بار پھر سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اجلاس کو آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دیا۔ اجلاس کی آئندہ تاریخ کا تعین بعد میں کیا جائے گا.

Share This Post

More To Explore