وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ میرے وطن کی بنیاد کسی سندھی، بلوچی، پنجابی پختون ازم پر نہیں بلکہ کلمہ طیبہ پر ہے،

وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ میرے وطن کی بنیاد کسی سندھی، بلوچی، پنجابی پختون ازم پر نہیں بلکہ کلمہ طیبہ پر ہے، عصبیت کا نعرہ لگا کرتقسیم در تقسیم ہو گئے، قران سے دوری اور تفرقہ بازی دنیا میں مسلم امہ کے زوال کا سبب بن رہی ہے۔ یہ ملک لا الہ الا اللہ پر بنا اور لا الہ الا اللہ ہی اسے بچائے گا۔ پاکستان کے ساتھ رشتہ “کلمہ طیبہ” کی بنیاد پر ہے۔ افواج پاکستان سرحدوں کے دفاع کی ضمانت ہیں۔ ملک کی سرحدی حفاظت کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ قرآن کی تعلیم کی ترویج کیلئے مدارس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کام کررہا ہوں۔ معلمین قرآن کی سکیل اپ گریڈیشن کا مقدمہ اسمبلی فلور پر لڑوں گا۔قران کی تعلیم پوری دنیا میں پھیلائیں گے۔ مدارس قرآن کریم کی تعلیم کیلئے بنیادی نرسری ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے عظمت قرآن ودستار فضیلت کانفرنس کیل میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ مدارس قرآن کریم کی تعلیم کیلئے بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت قرآن کی تعلیم کو آسان بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ قران کی تعلیم کی ترویج کیلئےمہتمم دارالعلوم القرٰی کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ ننھے بچوں کی تلاوت قرآن کی آواز اللہ تعالی کے ہاں پسندیدہ ترین ہے۔ شیخ الہند نے مسلمانوں کے زوال کے اسباب میں قرآن سے دوری اور آپس کے اختلافات کو قرار دیا ہے۔ مولانا پیر محمد مظہرسعید شاہ نے دارالعلوم القری کیل کے 20 حفاظ قرآن کریم کی اپنے ہاتھوں سے دستاربندی کی۔ انہوں نےبہترین کارکردگی پر مہتمم دارالعلوم القرٰی شمس الرحمان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور ننھے حفاظ قرآن طلباء کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اطلاعات نے شرکاء کانفرنس کوتلاوت قرآن کو اپنا معمول بنانے کی اپیل کی۔عظمت قرآن ودستار کانفرنس جامع مسجد خلفاء راشدین کیل میں منعقد ہوئی۔عظمت قرآن ودستار فضیلت کانفرنس سے مولانا شمس الرحمان، مولانا جہانزیب، مولانا عبدالرحمن بٹ و دیگر نےخطاب کیا۔عظمت قرآن ودستار فضیلت کانفرنس میں نائب تحصیلدار خواجہ فاروق احمد، صدر انجمن تاجران چودھری خان ولی، صحافیوں، طلبا، علماکرام، عمائدین علاقہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔عظمت قرآن ودستار فضیلت کانفرنس میں کیل پولیس نے فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کر رکھے تھے۔ اس سے پہلے وزیراطلاعات آزاد کشمیر پیر مظہر سعید شاہ ایک روزہ دورے پر بالائی نیلم کے علاقے کیل پہنچ گئے جہاں انہوں نے عوامی وفود سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے اور جائز مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔

Share This Post

More To Explore