صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری بالخصوص برطانیہ میں آباد کشمیری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف متحد و متفق ہو کر اپنی آواز بلند کریں اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے والے ظلم و جبر کو بین الاقوامی برادری کے سامنے بے نقاب کریں۔

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری بالخصوص برطانیہ میں آباد کشمیری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف متحد و متفق ہو کر اپنی آواز بلند کریں اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے والے ظلم و جبر کو بین الاقوامی برادری کے سامنے بے نقاب کریں۔ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے ماضی میں بھی مسئلہ کشمیر کو انتہائی موثر اور جاندار انداز میں اُجاگر کیا ہے اور اب بھی مجھے امید ہے کہ برطانیہ میں مقیم تارکین وطن مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربربت کے خلاف واشگاف الفاظ میں اپنی آواز دنیا تک پہنچائیں گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں برطانیہ کے شہر ناٹنگھم میں ضیاء گورسی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ظہرانے سے ضیاء گورسی، راجہ بشارت سلیم، راجہ رضا خان، چوہدری مقصود اقبال اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر مظالم میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ بھارت دنیا کے سامنے اپنے آپ کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن بھارت کے سیکولر اسٹیٹ ہونے کے دعویٰ سے پردہ اُٹھ چکا ہے کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر سمیت خود بھارت کے اندر بھی کئی دہائیوں سے اقلیتوں پر ظلم کر رہا ہے۔ لیکن اب دنیا یہ جان چکی ہے کہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بلکہ پوری دنیا میں ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر ظاہر ہوا ہے۔ لہذا اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا بھر میں مقیم اوورسیز کشمیری بالخصوص برطانیہ میں کشمیری بھارت کے ان تمام مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں تاکہ بھارت کو دفاعی پوزیشن پر لایا جائے۔ صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مسلم اُمہ کو مل کر مظلوم کشمیری اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنا ہو گی کیونکہ اسرائیل نے مظلوم فلسطینیوں پر مظالم کی انتہاء کر دی ہے اور بمباری سے بچوں، عورتوں اور نوجوانوں کو شہید کر رہا ہے۔فلسطین کی سرزمین فلسطینیوں کی ہے اور غزہ پر فلسطینیوں ہی کا حق ہے جو اسرائیل اپنی طاقت سے مظلوم فلسطینیوں سے چھین رہا ہے لیکن وہ وقت دور نہیں جب فلسطینیوں کو بھی اسرائیل کے ظلم و جبر سے آزادی ملے گی۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ 15فروری کو برمنگھم میں جلسہ عام میں آپ لوگ بھرپور انداز میں شرکت کریں۔ میں اس جلسہ عام میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے حوالے سے اظہار خیال کروں گا۔

Share This Post

More To Explore