وزیر برائے پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمد رشید نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری امیدوں اور آرزوں کا مرکز ہے اور وطن عزیز کے لیے ہماری جان بھی حاضر ہے۔

وزیر برائے پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمد رشید نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری امیدوں اور آرزوں کا مرکز ہے اور وطن عزیز کے لیے ہماری جان بھی حاضر ہے۔ افواج پاکستان ہماری محافظ جبکہ ہندوستان کی فوج قابض اور کشمیریوں کے لیے نفرت کی علامت ہے۔ آزادی بہت بڑی نعمت ہے آزادی کی قدر دیکھنی ہے تو مقبوضہ کشمیر میں دیکھیں جہاں اپنی مرضی سے نماز پڑھنے کی بھی اجازت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑھی دوپٹہ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لینے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حلف برداری کی تقریب میں چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد امتیاز احمد عباسی، رہنما پاکستان پیپلز پارٹی مبشر منیر اعوان، ایڈمنسٹریٹر گڑھی دوپٹہ ممتاز سلہریا، سینئر صحافی بانی گڑھی دوپٹہ پریس کلب گلزار احمد عثمانی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلقات عامہ راجہ عبدالباسط خان، مسلم لیگ ن کے رہنما وسیم احمد عباسی، صغیر بخاری، چوہدری وقار نذیر ،خرم جاوید اعوان، راجہ محمد فرید، سابق صدر پریس کلب رانا اورنگزیب، پرویز ملک سمیت ممبران ضلع کونسل، بلدیاتی نمائندگان، سیاسی رہنماؤں، تاجران سمیت علاقے کی معزز شخصیات نے شرکت کی۔ وزیر حکومت چوہدری محمد رشید نے سرپرست اعلی چوہدری پرویز کھٹانہ، صدر گڑھی دوپٹہ پریس کلب چن زیب عباسی، سینئر نائب صدر ظفر مغل، نائب صدر راجہ ابرار، سیکرٹری جنرل ملک فہد اعوان، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ممتاز مخدوم، سیکرٹری مالیات ملک پرویز اعوان، سیکرٹری اطلاعات عباس نقوی، مفید عباسی سے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔ چوہدری محمد رشید کا کہنا تھا کہ میری پہچان گڑھی دوپٹہ ہے، ہمارا علاقہ امن و بھائی چارے کے حوالے سے مثالی علاقہ ہے۔ گڑھی دوپٹہ کو تحصیل بنانے بارے مطالبے پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق ایک کمیٹی بنا رہے جو آبادی اور ایریا کی بنیاد پر سب ڈویژن کے لیے سفارش مرتب کریگی۔ انہوں نے کہا کہ میں عوام کے ہر مطالبے کی نہ صرف حمایت کرتا ہوں بلکہ اس کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاوں گا۔ تقریب کے صدر چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد امتیاز احمد عباسی نے پریس کلب گڑھی دوپٹہ کی نو منتخب انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گڑھی دوپٹہ پریس کلب میں اچھے لوگوں کا اضافہ ہوا ہے امید ہے کہ جو معاشرے کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔ سابق مشیر مبشر منیر اعوان نے کہا کہ قوموں کی تعمیر و ترقی میں صحافت کلیدی کردار ادا کرتی ہے، صحافت ایک ایسا پیشہ ہے جس میں سب سے اہم ذمے داری غیر جانبداری سے پاک اور ایمان داری سے خبر دینا ہوتا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلقات عامہ راجہ عبدالباسط خان نے کہا کہ صحافتی ذمے داریوں کے دوران کئی ایسے موقع بھی آتے ہیں، جہاں سچ لکھنا یا بولنا خطرے سے خالی نہیں ہوتا اور صحافی وہی ہے جو ہر حال میں حق اور سچ کا ساتھ دے۔ایسا شخص جو اپنے قلم سے سچائیوں کی تصویر کشی کرتا ہے اور معاشرتی بگاڑ اور فساد کے خلاف اپنے قلم کی صلاحیتوں کو استعمال کرتا ہے، وہ قوم کا عظیم سرمایہ ہے۔ تقریب سے خطاب میں صدر پریس کلب چن زیب عباسی اور سیکرٹری جنرل ملک فہد اعوان نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع وزیر حکومت چوہدری محمد رشید اور چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد امتیاز احمد عباسی نے پریس کلب گڑھی دوپٹہ کے لیے 2 لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا۔

Share This Post

More To Explore