وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کی جانب سے دئے گئے استقبالیہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کا وجود تحریک آزادی کشمیر کے لئے ایک بیس کیمپ کے طور پر قائم ہے۔

وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کی جانب سے دئے گئے استقبالیہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کا وجود تحریک آزادی کشمیر کے لئے ایک بیس کیمپ کے طور پر قائم ہے۔ ہم نے حکمرانی کرنے کیلئے حضور صلی اللّہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ سے رہنمائی لینی ہے۔ اگر مودی کشمیریوں پر مظالم ڈھانے سے باز نہ آیا تو کشمیری خونی لکیر پار کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ مودی کے وزیر دفاع راج ناتھ کو چیلنج کرتا ہوں کہ جس طرح میں نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا10 لاکھ فوج کے بغیر نریندر مودی یا اس کا کوئی وزیر مقبوضہ کشمیر کا دورہ کر کے دکھائے، مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کا کوئی موازنہ نہیں، تعمیر و ترقی آزادی کا نعم البدل نہیں ہو سکتی آزاد کشمیر میں جو شہری آزادی میسر ہے وہ مقبوضہ کشمیر میں نہیں ہے، مقبوضہ کشمیر میں دسیوں گھنٹے سڑکیں بند رہتی ہیں،

تعصب سے ہٹ کر موازنہ کریں تو جو آزاد کشمیر میں آزادی میسر ہے وہ کہیں نہیں ہے۔ پورے مقبوضہ کشمیر میں کشمیر کا جھنڈا لہرانے پر پابندی ہے یہاں کے گھر گھر پر کشمیر کا جھنڈا لہرا رہا ہے، وزیراعظم آزادکشمیر نے نیلم کے دونوں حلقوں کیلئے پچاس پچاس کلو میٹر سڑکات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ

نیلم سے محبت کا پرانا رشتہ ہے تاریخی ہیلتھ پیکج کے بعد نیلم کیلئے تاریخی تعلیمی پیکج کا بھی اعلان کرتا ہوں۔ مرحوم میاں غلام رسول اور میاں عبد الوحید صاحب سے رشتہ ایسا ہے کہ ان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،پاک فوج کا ہیلتھ ایمرجنسی رسپانس کے لئے ہیلی کاپٹر کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتا ہوں اسی طرح ماضی میں بھی ڈوزر آپریٹر کو مظفرآباد طبی امداد کیلئے پاک فوج نے ہیلی کاپٹر فراہم کیا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ استقبالیہ جلسے سے وزیر قانون میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ اور وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی فیصل ممتاز راٹھور نے بھی خطاب کیا۔ استقبالیہ جلسے سے وزیراعظم آزاد کشمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیلم کے عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے باشعور ہیں۔گزشتہ ستر سالوں کی محرومیوں کو فوری طور پر دور نہیں کیا جا سکتا۔ نیلم کی ترقی کیلئے حکومت نے ہر ممکن وسائل فراہم کئے۔ شدیدموسمی حالات کے دوران موجودہ حکومت کی کارکردگی پچھلے ستر سالوں پر بھاری ہے۔ تاریخ میں پہلی بار شدید موسمی حالات کے دوران شاہراہ نیلم کو تاوبٹ تک بحال رکھا۔ سستی بجلی اور آٹے کی فراہمی سے 71 ارب کے خسارے کے باوجود تعمیر وترقی کا پہیہ چل رہا ہے۔ سہولیات کی فراہمی کیلئے وسائل کہاں سے آنے ہیں یہ ہم سب نے سوچنا ہے اور ریاست کی ترقی کیلئے ہم سب نے اجتماعی طور پر کوششیں کرنی ہیں۔ جاگراں ہائیڈل پاور پراجیکٹ ڈیڈ پراجیکٹ تھا جو آج تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ رٹھوعہ ہریام پل پر بھی کام شروع کیا ہے۔ بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے منصوبہ بحال کرایا۔ نیک نیتی اور لگن سے کام کرنے سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے۔ نیلم کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے وسائل فراہم کریں گے۔ ہماری کوشش سے اگر ایک بھی جان بچتی ہے تو ہمیں اس پر فخر ہے۔ سوا ارب روپے شاہراہ نیلم کی تعمیر کیلئے فراہم کئے۔ ہلمت کے لئے آر ایچ سی کی عمارت قائم کی، ڈاکٹرز کی اسامیاں تخلیق کیں۔ نیلم کیلئے تاریخی ہیلتھ پیکج دیا۔ سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ مسلسل چار مرتبہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا تا کہ طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ شاہرات نے سڑک بحالی کیلئے مثالی کام کیا ہے۔ نیلم کی عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈاکٹرز کو کنٹریکٹ بنیادوں پر ماہانہ پانچ لاکھ تنخواہ پر تعینات کریں گے۔ میرے ناقدین کے پاس میرے خلاف کہنے کو کچھ نہیں ہے۔ ریاست کی خدمت کیلئے مراعات نہیں لیتا اپنا اختیار خالصتاً عوام کی فلاح وبہبود کیلئے استعمال کرتا ہوں۔ عوام کے ٹیکسز کا ایک ایک پیسہ صرف عوام پر خرچ ہو گا۔ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے قانون کے مطابق حکومت روایتی سیاست سے ہٹ کر مخلوق خدا کی خدمت کر رہی ہے جو آنے والے حکمرانوں کیلئے مثال بنے گی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے استقبالیہ جلسے کے شرکاء سے اختیار کو عوام کی فلاح کیلئے استعمال کرنے کی توفیق عطا کرنے کیلئے دعا کی اپیل بھی کی۔

Share This Post

More To Explore