وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ اگر مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں اور ریاستی دہشتگردی بند نہ ہوئی تو آزادکشمیر کی عوام خونی لکیر کو روند دینگے۔

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ اگر مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں اور ریاستی دہشتگردی بند نہ ہوئی تو آزادکشمیر کی عوام خونی لکیر کو روند دینگے۔ پوری دنیا جانتی ہے مقبوضہ کشمیر سے اٹھنے والی تحریک حق خود ارادیت کی تحریک ہے اور اپنے منطقی انجام تک جاری رہیگی۔ ضرورت پڑی تو جہادی کلچر کو پوری قوت اور دلیری سے آزادکشمیر میں واپس لائیں گے۔ پاکستان 70 سالوں سے کشمیریوں کو جو اونر شپ دے رہا ہے اس پر پاکستان کی سیاسی قیادت اور مسلح افواج کے شکرگزار ہیں۔ آزاد خطہ صرف آبادی اور رقبہ کا ہی نام نہیں بلکہ تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے یہی اسکی جوازیت بھی ہے۔ آزادکشمیر میں شہری آزادیاں، سہولتیں موجود ہیں اور یہ اس وجہ سے میسر ہیں کہ پاکستان کے عوام نے اپنا پیٹ کاٹ کر اپنے آزادکشمیر کے بھائیوں کو وسائل فراہم کیے ہیں۔مودی کو چینلج کرتا ہوں کہ ہم پوری دنیا مبصرین کو آزادکشمیر آنے کی دعوت دیتے ہیں تم بھی مقبوضہ کشمیر میں مبصرین کو جانے دو تاکہ دنیا کو پتہ چل سکے کہ آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں کیا فرق ہے۔ چند عقل کے اندھوں کو محافظ اور قابض افواج میں فرق نظر نہیں آتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھم فال ہائیڈرو پاور اسٹیشن خاطر ناڑ جہلم ویلی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بھارتی فوج کے بزدل سپہ سالار اور بھارتی وزیر دفاع نے وزیراعظم آزادکشمیر کا نام لیکر ہرزہ سرائی کی ہے، ہماری گفتگو سے تمہاری شلواریں گیلی ہونا شروع ہو گئی ہیں۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں ریاستی دہشتگردی بند نہ ہوئی تو آزادکشمیر کی عوام خونی لکیر روند دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قلم کا اختیار اللہ امانت ہے ، الفاظ کی ادائیگی بھی ضمیر کے مطابق نہ کی جائے تو اللّہ تعالیٰ کی پکڑ سے بچ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ ضلع جہلم ویلی جون تک بجلی کی ضرورت میں خود کفیل ہو جائے گا لیکن جب بجلی کے بلات جمع نہیں ہونگے تو پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن بھی بیٹھ جائے گی ۔ انہوں نےکہا کہ سستی بجلی روزگار کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، جب بجلی کی ضرورت پوری ہوگی تو یہاں کاٹیج انڈسٹری کو فروغ ملے گا اور سیاحت بھی ترقی کریگی۔انہوں نےکہا کہ نڑ دجیاں پاور اسٹیشن کیلئے 20 کروڑ روپے کی ضرورت ہے جسے فراہم کروں گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ اللّہ تعالیٰ کا خاص کرم نہ ہوتا تو جتنی آزمائشیں دیکھی ہیں اس میں سرخرو نہ ہوتے۔ مجھے سٹیٹس کو کی نحوست، قانون کی پامالی اور استحصالی نظام سے نفرت ہے اس کو ختم کرنے کی کوشش کی اور اسکی قیمت دینا پڑی۔ وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر میں عوام کے منتخب نمائندوں کی حکومت ہے مقبوضہ کشمیر کی طرح کٹھ پتلی وزیراعلٰی نہیں۔ آزاد کشمیر کا یہ سارا نظام مقبوضہ کشمیر کی ماؤں ، بہنوں کی عزتوں کے صدقے ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہیلتھ پیکج عوامی ضرورت کی بنیاد پر دیا گیا۔ اگلے دو ماہ میں آزادکشمیر میں تعلیمی پیکج تیار کیا جارہا ہے۔ آئندہ چند دنوں میں آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے حوالے ویژن پیش کر دیا جائےگا۔تحریک آزادی کشمیر اور اس کے بعد آزاد خطہ کی تعمیر ترقی ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند سیاسی شعبدہ باز چھوٹی چھوٹی ریڑھیاں لگا کر تعمیر وترقی کے سفر کو روک نہیں سکتے یہ سمندر ان کو بہا لے جائے گا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر میں ہر ایک کو احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا۔

جس دن سے وزیراعظم بنا ہوں نہ کبھی برداری کا کوئی بت پالا نہ علاقائی تعصب کی بات کی۔ اس سے پہلے پورے آزادکشمیر کا بجٹ ایک حلقے میں لگایا جاتا تھا۔ اب مافیاز کو لگام ڈالی ہے تو چیخیں نکل رہی ہیں۔ عوام کے ٹیکسز کا ایک ایک پیسہ عوام پر لگے گا اور میں اس بات کو یقینی بناؤں گا۔وزیراعظم نے کہاکہ درخت آنے والی نسلوں کی بقاء کی علامت ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پی ڈی او کے اس پراجیکٹ پر کام کرنے والے تمام لوگوں کو ایک ماہ کی بونس تنخواہ کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے طاقتور کو نہیں مخلوق خدا کو راضی کرنا ہے۔

Share This Post

More To Explore