چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ نے دارلحکومت مظفرآباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے “دستاویزات کے خودکار اندراج کا نظام” کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس صداقت حسین راجہ کو ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ندیم تاج نے منصوبہ “دستاویزات کے خودکار اندراج کا نظام” کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ نے کہا کہ آج کا دن آزاد کشمیر کی لوئر جوڈیشری کیلئے تاریخی ہے۔ آزاد کشمیر کی عدلیہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ قلیل مدت اور محدود بجٹ کے ساتھ دستاویزات کے اندراج کی کمپیوٹرائزیشن کو ممکن بنایا ہے۔ منصوبے کی بروقت تکمیل پر انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے آفیسران اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دیتا ہوں۔ آزاد کشمیر کی عدلیہ کو مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کریں گے۔ اس منصوبے سے رجسٹریشن کے عمل میں شفافیت آئے گی اور غلطی کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔ اسی طرح زیر التوا کیسز بھی بروقت یکسو ہوں گے۔ اگلے ہفتے مظفرآباد کی طرز پر میرپور میں بھی رجسٹریشن کو کمپیوٹرائزڈ کر رہے ہیں اور چھ ماہ کے اندر ضلعی سطح پر کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن کیلئے دفاتر قائم کر دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں میں پوری ٹیم کو قلیل وقت میں محدود بجٹ کے ساتھ منصوبے کو مکمل کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے دستاویزات کے خود کار اندراج کے نظام کا بٹن دبا کر افتتاح کیا جس کے بعد مظفرآباد کے شہریوں نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے پاس اپنی رجسٹریشن کا اندراج کرایا۔ ویب پورٹل پر چالان فارم اپلوڈ کرائے، زمین فروخت کرنے والے، مشتری اور گواہان کا اندراج اور ان کی بائیو میٹرک کی تصدیق کی گئی اور منصوبہ کے تحت پہلی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا گیا۔ ایڈیشنل رجسٹرار ریاض شفیع نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیے۔اس موقع پر رجسٹرار عدالت العالیہ چوہدری فیاض، ججز صاحبان لوئر جوڈیشری، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی رفاقت حسین، ڈائریکٹرجنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی قاضی عنایت، چئیرمین آزاد جموں وکشمیر بار کونسل سید اشفاق حسین کاظمی، صدر سنٹرل بار ایسو سی ایشن ناصر مسعود مغل، آئی ٹی بورڈ کے آفیسران، وکلاء اور سائلین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
***
مظفرآباد(پی آئی ڈی) مورخہ 31دسمبر2024
چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ نے سنٹرل بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز کو باوقار بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ بار کے ساتھ رشتہ پرانا ہے ہر حیثیت میں بار کی بہتری کیلئے کام کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا۔ سنٹرل بار ایسو سی ایشن کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت تعمیر کی ہے اسکی مینٹننس اور سنبھالنے کی ذمہ داری بار ممبران کی ہے۔ سنٹرل بارایسوسی ایشن کے ویلفئیر فنڈ کو قائم کر کے اس کی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ صدر بار ایسوسی ایشن نے بہتر حکمت عملی کے ساتھ بار ایسوسی ایشن کے مسائل حل کرائے۔ چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ کے اعزاز میں سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے وائس چئیرمین آزاد جموں وکشمیر بار کونسل سید اشفاق حسین کاظمی اور صدر سنٹرل بار ایسو سی ایشن ناصر مسعود مغل نے چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ، کسٹوڈین متروکہ جائیداد آزاد جموں وکشمیر خالد یوسف چوہدری و دیگر کا سنٹرل بار آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ نے وکلاء اور بار کے وقار کو بحال کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور بطور چیف جسٹس بار ایسوسی ایشن کے مسائل حل کئے۔ تقریب میں سابق معزز ججز، سابق وائس چیئرمین آزاد جموں وکشمیر بار کونسل چوہدری شوکت عزیز، ممبران آزاد جموں وکشمیر بار کونسل، ممبران سنٹرل بار ایسوسی ایشن، صحافی و دیگر نے شرکت کی۔

