آزادجموں کشمیر ڈرنکنگ واٹر پالیسی کی تیاری کے حوالے سے محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیروفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی اور یونیسف کے اشتراک سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں آزاد جموں وکشمیر ڈرنکنگ واٹر پالیسی کے ڈرافٹ کی پریزینٹیشن اور شرکاء سے تجاویز لی گئیں۔

آزادجموں کشمیر ڈرنکنگ واٹر پالیسی کی تیاری کے حوالے سے محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیروفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی اور یونیسف کے اشتراک سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں آزاد جموں وکشمیر ڈرنکنگ واٹر پالیسی کے ڈرافٹ کی پریزینٹیشن اور شرکاء سے تجاویز لی گئیں۔ ورکشاپ میں وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور، معاون خصوصی حکومت آزادکشمیر برائے قانون، انصاف و پارلیمانی امور محترمہ نبیلہ ایوب، ممبران اسمبلی سردار حسن ابراہیم اور چوہدری محمد رفیق نیئر، وزارت موسمیاتی تبدیلی کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری محمد فاروق خان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی شاہد ایوب، سیکرٹری ماحولیات عامر محمود مرزا، ڈی جی لوکل گورنمنٹ راجہ فیاض سمیت وزارت موسمیاتی تبدیلی اور یونیسیف کے حکام نے شرکت کی۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے نمائندے نیاز اللہ خان نے موسمیاتی تبدیلی اور باالخصوص صاف پانی کی عدم فراہمی کے نقصانات بارے شرکاء کو بریف کیا۔ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی بابر منہاس نے آزاد جموں وکشمیر ڈرکنگ واٹر پالیسی کا ڈرافٹ پیش کیا۔ ورکشاپ کے شرکاء کو بتایا گیا کہ آزادکشمیر کی 35 فیصد آبادی کے پاس ٹیپ واٹر کی سہولت موجود ہے جبکہ صرف 18 فیصد آبادی Safely Managed Water سے مستفید ہورہی ہے۔ شرکاء کی جانب سے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے قانون سازی سمیت دیگر تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہاکہ پانی زندگی ہے، صاف پانی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی ذمہ داری کو پورا کریگی۔ پانی کے ذخائر کم ہورہے ہیں جو کہ بہت بڑا مسئلہ ہے۔ پانی کے ضیاع کو روکنے کے حوالے سے شعور و آگاہی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا المیہ ہے کہ صرف 18 فیصد لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر ہے۔ سب مل کر صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ خواہش ہے کہ بلدیاتی نمائندگان کو قانون سازی کے ذریعے اس عمل میں شامل کیا جائے۔ پانی کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگی۔ مشیر حکومت برائے قانون و انصاف محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا کہ کشمیر پانی کیوجہ سے جنت نظیر ہے، ڈرکنگ واٹر پالیسی پر میں خود بھی کام کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے جس کی وجہ سے ہمارے ملک میں مسائل پیدا ہوئے ہیں۔

ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم نے کہا کہ آزادکشمیر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی اشد ضرورت ہے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نہ ہونے کیوجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ انہوں نے آزاد جموں وکشمیر ڈرنکنگ واٹر پالیسی کی تشکیل کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد رفیق نیئر نے کہا کہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے، تھرڈ پارٹی کے ذریعے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ پانی بچت کریں اور اپنی ذمہ داریوں کو ادا کریں۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری محمد فاروق خان نے کہا کہ ڈرنکنگ واٹر پالیسی بہت ضروری ہے، پانی کے ذخائر کم ہورہے ہیں اس حوالے سے نہ صرف پالیسی کی تشکیل بلکہ ہر ایک کو اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی ضرورت ہے، سارے کام حکومت نہیں کر سکتی اس کے لیے تمام مکتبہ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی شاہد ایوب نے کہا کہ پانی انسانی زندگی کیلئے نہایت اہم ہے، آزادکشمیر میں ڈرنکنگ واٹر پالیسی اشد ضروری ہے، ڈرکنگ واٹر پالیسی کی تشکیل میں کوآرڈینیشن، مانیٹرنگ اینڈ گریجویشن اور کیپسٹی بلڈنگ کو بھی ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بھرپور تعاون پر یونسیف کا شکریہ ادا کیا۔

سیکرٹری ماحولیات عامر محمود مرزا نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر ڈرنکنگ واٹر پالیسی کے حوالے سے ادارہ تحفظ ماحولیات اپنا بھرپور تعاون فراہم کریگا۔ادارہ تحفظ ماحولیات نے دریائے نیلم جہلم اور پونچھ کی ہائیڈرولوجی پر کام کیا ہے۔

یونسیف کے نمائندے نیاز اللہ خان نے کہاکہ ہمارے خطے میں پانی کے ذخائر کم ہورہے ہیں جو کہ بہت بڑا چیلنج ہے، صاف پانی کی عدم فراہمی سے بیماریاں پیدا ہورہی ہیں اور دیگر مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول پر زور دیا۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کی ڈائریکٹر صائمہ نذیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات زیادہ ہیں، اس حوالے سے مفصل سٹڈی کی ضرورت ہے۔

چئیرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز عباسی نے کہا کہ صاف کی فراہمی اور پانی کے ضیاع کو روکنے کے حوالے بلدیاتی اداروں کے کردار کا بھی تعین کیا جائے، اس حوالے سے بلدیاتی ادارے بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں۔

میئر بلدیہ مظفرآباد سید سکندر گیلانی نے کہا کہ پانی کے ضیاع کو روکنے کے حوالے سے تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم اور اس حوالے سے قانون سازی کی اشد ضرورت ہے۔

یونسیف کے نمائندے عرفان درانی نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول پر زور دیا۔ اقوام متحدہ کے زیلی ادارے یونیسیف اور وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے تعاون سے دیگر تمام صوبہ جات اور آزادکشمیر میں ڈرنکنگ واٹر پالیسی مرتب کی جارہی ہے۔ قبل ازیں تینوں ڈویژن کی سطح پر مشاورتی ورکشاپ ہو چکی ہیں۔ مشاورت مکمل ہونے کے بعد پالیسی کابینہ کو پیش کی جائیگی۔

Share This Post

More To Explore