کمشنرمظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سکندر گیلانی میئر یونسپل کارپوریشن مظفرآباد، مدثر فاروق ڈپٹی کمشنر مظفرآباد، زاہد گیلانی مہتمم تعمیر عامہ شاہرات، سعد رشید مہتمم ترقیاتی ادارہ مظفرآباد،خواجہ آصف مجید، ڈویژنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، شہریار خان ایس ڈی او، محسن میر مہتمم برقیات، حماد بشیر اسسٹنٹ کمشنر رورل،، غلام محی الدین گیلانی اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد، محمدکبیر اعوان اسسٹنٹ سیکرٹری آزاد کشمیر ٹرانسپورٹ اتھارٹی، چودھری عطاء محمد و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں شاہ سلطان لاری اڈہ اور نیو لاری اڈہ بس اسٹینڈ ٹاہلی منڈی کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث لائے گئے۔ اجلاس میں پرانے لاری اڈے کی حالت بہتر بنانے اور نئے لاری اڈے کو فعال بنانے کے لیے ضروری اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کمشنر نے اجلاس کو بتایا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر نے اڈوں کا معائنہ کرنے کے بعد بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہدایات دی تھیں۔ کمشنر نے وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں دونوں اڈوں کا معائنہ بھی کیا۔شاہ سلطان لاری اڈہ کے معائنے کے دوران وہاں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر توجہ دی گئی۔ کمشنر نے ہدایت دی کہ بیت الخلاء، مسافروں کے لیے سایہ دار شیڈز اور زمین پر کارپیٹنگ جیسی بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے آغاز سے قبل اڈے کا تخمینہ لاگت مرتب کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ حکومت کو درکار فنڈز کے حوالے سے بروقت آگاہ کیا جا سکے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام شروع کرنے سے پہلے اڈے کو مکمل طور پر خالی کروایا جائے تاکہ تخمینہ لاگت کا درست تعین کیا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ شاہرات، اور دیگر معاون ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ اجلاس میں محکمہ شاہرات کو ہدایت دی گئی کہ آج شام تک بہرصورت تعمیراتی تخمینہ پیش کیا جائے تاکہ جلد از جلد کام کا آغاز کیا جا سکے۔تعمیراتی کام کے دوران شاہ سلطان لاری اڈے پر چلنے والی گاڑیوں کو عارضی طور پر منتقل کرنے کے لیے متبادل جگہ کا تعین بھی زیر بحث آیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے لوکل اور بیرونِ شہر چلنے والی گاڑیوں کی تعداد اور ان کے روٹس کا تعین کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں گاڑیوں کی اقسام (سوزوکی، ہائی ایس، بسیں، کوچز) اور ان کے چلنے والے اضلاع کی تفصیلات مرتب کی جائیں گی۔ کمشنر نے اس کام کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی۔کمیٹی متبادل جگہ کا تعین اور عارضی طور پر گاڑیوں کی شفٹنگ کے انتظامات پر کام کرے گی تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔کمشنر نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ وہ ٹریفک کی روانی کے لیے اپنی تجاویز جلد پیش کریں۔ تعمیراتی کام کے دوران انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کو ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے یکے بعد دیگرے سروے کرنے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں بائیکیا سروس کے مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ کمشنر نے بتایا کہ عوام کو درپیش مشکلات اور سروس فراہم کرنے والے ادارے کے ساتھ آئندہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مربوط نظام کے تحت اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے گا۔ادارہ ترقیات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ مظفرآباد شہر کی خوبصورتی کے لیے مختص فنڈز کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے خودمختار ادارہ جات (بینک و دیگر نجی کمپنیاں وغیرہ)کے علاوہ تاجر برادری اور شہریوں کو شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے اپنی سطح پر چھوٹے منصوبے شروع کریں تاکہ مظفرآباد کو اسلام آباد کی طرز پر ترقی دی جا سکے۔کمشنر نے سولر لائٹس کی تنصیب کے حوالے سے لوکل گورنمنٹ کی پالیسی پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے مختلف مقامات پر آرٹ ورک اور پینٹنگز کے لیے مختص فنڈز کی مدد سے جلد کام شروع کیا جائے گا۔ محکمہ شاہرات نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ دو تین دنوں میں یہ کام شروع کر دیا جائے گا۔کمشنر نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ ہر ادارے کو اپنی ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں سرانجام دینا ہوگا تاکہ ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فنڈز کی دستیابی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئے گی اور ضلعی انتظامیہ اپنی سطح پر تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ کیا گیا کہ تمام منصوبے وقت پر مکمل کیے جائیں گے اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

