سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیرِ اہتمام دو روزہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو تربیتی ورکشاپ کا آغاز دارالحکومت مظفرآباد میں ہوا

سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیرِ اہتمام دو روزہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو تربیتی ورکشاپ کا آغاز دارالحکومت مظفرآباد میں ہوا-رکشاپ کا مقصد مختلف اداروں کے اہلکاروں کو قدرتی آفات کے دوران فوری اور موثر ریسپانس دینے کی تربیت فراہم کرنا ہے.سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی محترمہ تہذیب النساء نے ادارے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اربن سرچ اینڈ ریسکیو ورکشاپس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ورکشاپ کے ابتدائی سیشن میں کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان، کرنل (ر) اعجاز اکرم (USAR ایکسپرٹ)، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق، ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی، سماجی کارکن سید آفتاب بخاری، اور خالد اسماعیل سلہریا نے شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لئے فوری اور مؤثر ریسپانس کی ضرورت ہوتی ہے اور اس مقصد کے لئے پہلے سے ہی بھرپور تیاری ناگزیر ہے۔ورکشاپ میں شریک اداروں کے اہلکاروں کو ڈائریکٹر آپریشن سعید الرحمان نے تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف تربیتی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ ورکشاپ میں ریسکیو 1122، سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، محکمہ صحت عامہ، میونسپل کارپوریشن مظفرآباد، سنٹرل ڈیزائن آفس، کمیونیکیشن اینڈ ورکس، اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے رضاکاروں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ ورکشاپ کے اہم سیشن میں USAR ایکسپرٹ کرنل اعجاز اکرم نے شرکاء کو اربن سرچ اینڈ ریسکیو کے مختلف پہلوؤں سے متعلق آگاہی فراہم کی اور انہیں جدید آلات اور ٹیکنالوجیز کے استعمال کے حوالے سے تربیت دی۔ اس دوران شرکاء کو بتایا گیا کہ کس طرح جدید ریسکیو آلات اور ڈیزاسٹر ریسپانس وہیکل کے ذریعے زیادہ سے زیادہ جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ریسکیو 1122 کی ٹیم نے شرکاء کو ریسکیو آلات کے استعمال اور ڈیزاسٹر ریسپانس وہیکل پر عملی بریفنگ بھی دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن، ڈائریکٹر ریسکیو 1122، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے جنہوں نے ورکشاپ کے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی اور اس تربیتی ورکشاپ کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔یہ تربیتی ورکشاپ دو روز تک جاری رہے گی جس میں شرکاء کو مزید عملی مشقیں کرائی جائیں گی تاکہ انہیں قدرتی آفات کے دوران فوری اور موثر ریسپانس دینے کے لئے مکمل طور پر تیار کیا جا سکے۔ اس ورکشاپ کے اختتام پر تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹس بھی دیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے اپنے اداروں میں جا کر اس تربیت کو مزید آگے بڑھا سکیں اور اپنی برادری کی خدمت کر سکیں۔

Share This Post

More To Explore