وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے گذشتہ رات عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا اچانک دورہ کیا

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے گذشتہ رات عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی، ادویات اور ضروری آلات کی جلد خریداری کی ہدایات دیں. موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور, چوہدری اظہر صادق, نثار انصر ابدالی اور فہیم اختر ربانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے. اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا اور مریضوں کو ادویات سمیت دیگر دی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا. وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے اوٹی، گائنی اور ایمرجنسی کے مریضوں کے لئے 100سو فیصد مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی فراہمی اور ضروری آلات کی خریداری کے لئے اضافی فنڈز کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کو غیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے صفائی اور دیگر ضروری سٹاف کی کمی کو دور کرنے کے لئے فوری طور پر 20 کنٹیجنٹ آسامیوں کی فراہمی کا اعلان کیاہے۔ وزیراعظم نے مریضوں کی سہولیات کے لئے سٹی سکین، ایم آر آئی اور دیگر ضروری آلات بعجلت ممکنہ فراہمی کے لئے موقع پر ہدایت دی۔ آخر میں وزیراعظم آزادکشمیر نے تین ماہ قبل اپنے گذشتہ دورہ کے حوالہ سے ہسپتال میں سروسز کی بہتری پر مینیجنگ ڈائریکٹر عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہسپتال میں رات کی سروسز کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی دی

Share This Post

More To Explore