آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ بھارت کی نسل پرست ہندو حکومت اور قانون سے ناواقف بھارتی سپریم کورٹ واضح طور پر سن لیں ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کا ایک انچ بھی بھارت کے حوالے نہیں کریں گے

آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ بھارت کی نسل پرست ہندو حکومت اور قانون سے ناواقف بھارتی سپریم کورٹ واضح طور پر سن لیں ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کا ایک انچ بھی بھارت کے حوالے نہیں کریں گے۔بھارتی سپریم کورٹ سے مسلمانوں کو کبھی انصاف نہیں ملا۔بابری مسجد اور افضل گورو کیس میں ان کے متعصبانہ فیصلوں سے بھارتی نظام انصاف پہلے ہی ننگا ہوچکا ہے۔امن ہماری اولین ترجیح ہے لیکن جس طرح بھارت جموں وکشمیر کے علاقوں کے ٹکڑے کرکے اپنے اندر ضم کررہا ہے تو میں بھارت پر بطور وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے وہ اپنی غیر ت اور آزادی پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کرئے گا بھارت نے اگر کسی قسم کا ایڈونچر کروانے کی کوشش کی تو نریندر مودی کو اس کے گھر میں گھس کر ماریں گے۔بہت مشکل حالات میں آزادکشمیر کی حکومت سنبھالی۔مالیاتی نظم وضبط پیدا کیا۔میرٹ پر تقرریاں کیں حکومتی وسائل کو فضول خرچی سے روکا اور اس پیسے کو عوام کی فلاح و ترقی پر لگایا۔آزادکشمیر بھر میں شاہرات کی تعمیر کے لیے ریکارڈ منصوبے شروع کررہے ہیں جن کی تکمیل سے زراعت،صنعت،معیشت،سیاحت اور سرمایہ کاری میں انقلاب آئے گا۔ٹھیکوں میں بے ضابطگیاں اور من مانیاں ختم کرنے کے لیے ای ٹینڈرنگ کا نظام رائج کیا جس سے وقت اور سرمایہ کی بچت کے علاوہ قومی شہرت یافتہ فرمیں آزادکشمیر کے ترقیاتی منصوبوں میں حصہ لے سکیں گے۔بجلی کے بلوں پر سرچارج کو ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں ۔وکلاء کو ان کے فرائض کی ادائیگی کے لیے تمام سہولیات مہیا کریں گے۔وزیراعظم نے ڈسٹرکٹ بار کے لئے 30 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کامران طارق ایڈووکیٹ نے کی جبکہ اس موقع وزراء حکومت کرنل وقار احمد نور،چوہدری ارشد حسین،چوہدری اظہر صادق،راجہ صدیق،چوہدری قاسم مجید،چوہدری یاسر سلطان،ملک ظفر اقبال،چوہدری اخلاق،میاں عبدالوحید، انصر ابدالی،مشیر حکومت محترمہ نبیلہ ایوب،معاون خصوصی صبیحہ صدیق،وزیر اعظم کے سپیشل ایڈوائزر کرنل ریٹائرڈ محمد معروف، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود،سپیشل سیکرٹری وزیر اعظم مسعود الرحمن،کمشنر چوہدری شوکت علی،ڈی آئی جی چوہدری سجاد حسین،ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض، مرکزی چیئرمین آزاد جموں و کشمیر زکوٰۃ کونسل چوہدری محمد صدیق،چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،میئر میونسپل کارپوریشن عثمان علی خالد،ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر محمد رمضان چغتائی کے علاوہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سردار فضل رازق ایڈووکیٹ نے ادا کیے۔

Share This Post

More To Explore