بلوچ(پی آئی ڈی) 19 نومبر 2023
آزادجموں و کشمیر کے وزیر سیاحت ،آثار قدیمہ وزیراعظم و معدنی وسائل سردار فہیم اختر ربانی کے چھوٹے بھائی سردار کلیم اختر ربانی کی نماز جنازہ بلوچ میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق ،وزراء حکومت اظہر صادق ،راجہ فیصل ممتاز راٹھور ،ملک ظفر ،چوہدری اخلاق ، دیوان چغتائی ،سردار محمد حسین ایڈووکیٹ، قاسم مجید، سردار عامر الطاف ، یاسر سلطان، معاون خصوصی احمد صغیر ،ممبر کشمیر کونسل سردار عبدالرزاق ، پیر نورلعارفین ، پیر شمس العارفین،پیر زاہد قاسمی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مرحوم کا نماز جنازہ پیر فضل ربانی سجادہ نشین دربار عالیہ نیریاں شریف نے پڑھایا ۔قبل ازیں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا کہ یہ دنیا انتہائی عارضی ہے یہاں سے سب نے جانا ہے۔ وزیر سیاحت فہیم اختر ربانی کے جواں سالہ بھائی کی موت ایک بڑا صدمہ ہے اللّٰہ سے دعا ہے کہ وہ سردار فہیم اختر ربانی اور ان کے بھائیوں سردار طارق ربانی اور سردار وسیم ربانی سمیت مرحوم کے تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے مذید کہا کہ یہ دنیا عمل کی جگہ ہے یہاں کے اعمال پر آخرت کی زندگی کا دارومدار ہے۔ یہاں حقوق اللّٰہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کو بھی پورا کرنا ضروری تاکہ آخرت کی زندگی اچھی ہو سکے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر سیاحت و آثار قدیمہ سردار فہیم اختر ربانی نے وزیر اعظم سمیت وزراء کرام اور باقی لوگوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے غم کی گھڑی میں دکھ بانٹنے کے لیے تشریف لائے ۔تعزیتی ریفرنس سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیااور کہا کہ مرحوم انتہائی شریف النفس تھے ان کی جواں سالہ موت کی وجہ سے پورے علاقہ میں سوگ ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

