وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھرپور کوشش کی ہے کہ عوام کا پیسہ انکی فلاح وبہبود پر لگے اور لوگوں کا معیار زندگی بلندہو۔

مظفرآباد(پی آئی ڈی) 7 جولائی 2023

وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھرپور کوشش کی ہے کہ عوام کا پیسہ انکی فلاح وبہبود پر لگے اور لوگوں کا معیار زندگی بلندہو۔ موجودہ حکومت نے ہر شعبے میں سخت مالیاتی اور انتظامی ڈسپلن نافذ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ آزادکشمیر کے عام شہری کو صحت، تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامی و مالی اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے جارہے ہیں تاکہ جو فنڈز جس مقصد کیلئے مختص ہیں اسی پر خرچ ہوں۔ اللہ رب العزت نے موقع دیا تو اگلے مالی سال کے اختتام تک آزادکشمیر میں حقیقی معنوں میں تبدیلی نظر آئے گی۔ بجٹ میں سوشل اور پیداواری شعبہ کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے، پیداواری اور سوشل سیکٹرز میں انوسٹمنٹ کیئے بغیر حقیقی ترقی ممکن نہیں ہوسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں سابق امیدوار اسمبلی میجر(ر) لطیف خلیق، ممبران ضلع کونسل چوہدری محمد فاضل، چوہدری وحید اکرم،ٹھیکیدار محمد الیاس چوہدری و دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے دو ماہ میں بھرپور محنت سے وفاقی حکومت سے گیارہ ارب روپے سے زائد فنڈز واگزار کروائے اور قلیل مدت میں شفافیت کے ساتھ خرچ بھی ہوئے،ترقیاتی کاموں اور اخراجات کے اہداف حاصل ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیداواری شعبہ کے لیے کل ترقیاتی بجٹ 11فیصد سے بڑھا کر 14فیصد کیاگیا ہے جبکہ سوشل سیکٹر کے بجٹ کو25فیصد سے بڑھا کر 31فیصد کیا گیا ہے، یہی وہ شعبے ہیں جن میں سرمایہ کاری کر کے روزگار کے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ اسی تناظر میں صحت اور تعلیم کے شعبہ جات میں زیادہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ محکمہ صحت،پولیس، مواصلات، ہاوسنگ میں انتظامی و مالی اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جارہے ہیں تاکہ فنڈز جن دفاتر کے لئے مختص شدہ ہوں وہاں ہی انکا تصرف بھی ہو۔گورننس کے نفاذ کیلئے ای گورننس سسٹم کو رائج کرنے پر بھی فوکس کیا گیا ہے۔ اگلے مالی سال میں شرح خواندگی کو پچاسی فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے۔وفد نے وزیراعظم کو اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں گڈ گورننس کیلیے کئے جانے والے اقدامات لائق ستائش ہیں

Share This Post

More To Explore