صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے اس نازک اور اہم موڑ میں بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے اس نازک اور اہم موڑ میں بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے اور بیرون ملک آباد کشمیری بالخصوص برطانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو پورے شد و مد سے اُٹھانے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں کیونکہ05اگست2019ء کے بعد سے بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ریشہ دوانیاں اور انسانی حقوق کی پامالیاں آئے روز بڑھ رہی ہیں۔ لہذا ایسے میں بیرون ملک آباد کشمیری بالخصوص برطانیہ میں آباد کشمیری اب جبکہ بریگسٹ کے بعد جبکہ برطانیہ یورپی یونین کا حصہ نہیں رہا تو یورپ میں مقیم کشمیری بھی مسئلہ کشمیر کو یورپی پارلیمنٹ اور یورپی یونین میں موثر انداز میں اُٹھانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ بھارت کے مکروہ عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی کی قیادت میں تحریک کشمیر برطانیہ اور یورپ کے ایک وفد سے تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر وفد میں تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی کے علاوہ صدر تحریک کشمیرا سپین شفیق تبسم، صدر تحریک کشمیر سکاٹ لینڈ راجہ حنیف، سینئر نائب صدر تحریک کشمیر اٹلی محمود شریف، صدر بزنس فورم تحریک کشمیر برطانیہ حنیف اللہ گوندل اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے تحریک کشمیر برطانیہ اور یورپ کے وفد کو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اُجاگر کرنے کے لئے کوششیں تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک آباد کشمیریو ں نے مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنل فورمز پر زندہ رکھا ہوا ہے اور اُن کی کوششوں سے آج دنیا مسئلہ کشمیر کو سمجھ رہی ہے۔ لہذا اوورسیز کشمیری مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے دنیا کو بھارت کے گھناؤنے چہرے سے آشکار کرائیں تاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جس بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور کشمیری عوام جو بھارتی ظلم و بربریت کا شکار ہیں تو دنیا کے سامنے بھارت کے ظلم و جبر کو موثر انداز میں نے نقاب کیا جائے اور دنیا کو باور کرایا جائے کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔

٭٭٭٭٭

Share This Post

More To Explore