بلدیاتی الیکشن کے آخری مرحلہ میں ضلع میرپور کے ضلع کونسل،یونین کونسل،میونسپل کمیٹی کے چیئرمین،وائس چیئرمین اور میونسپل کارپوریشن میرپور کے میئر اور ڈپٹی میئر کی حلف برداری کی تقریب نہایت کی سادگی اور پروقار طریقے سے میرپور کے ایک نجی ہوٹل کے وسیع ہا ل میں منعقد کی گئی

بلدیاتی الیکشن کے آخری مرحلہ میں ضلع میرپور کے ضلع کونسل،یونین کونسل،میونسپل کمیٹی کے چیئرمین،وائس چیئرمین اور میونسپل کارپوریشن میرپور کے میئر اور ڈپٹی میئر کی حلف برداری کی تقریب نہایت کی سادگی اور پروقار طریقے سے میرپور کے ایک نجی ہوٹل کے وسیع ہا ل میں منعقد کی گئی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر راجہ فیصل مجید خان نے حلف لیا اور انھیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔حلف برداری کی تقریب میں آزادکشمیر کے وزراء چوہدری ارشد حسین،چوہدری یاسر سلطان، پی ٹی آئی کے مرکزی راہنما چوہدری صہیب ارشد، کمشنر چوہدری شوکت علی،ڈی آئی جی ڈاکٹر خالد محمود چوہان،ڈی جی منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری محمد منشاء نقشبندی،ڈپٹی کمشنر چوہدری امجدا قبال،ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم،وائس چیئرمین بار کونسل راجہ ندیم اختر ایڈووکیٹ،سابق چیئرمین ایم ڈی اے چوہدری جاوید اقبال،ڈاکٹر امین چوہدری،صدر بار کامران طارق ایڈووکیٹ، وائس پریزیڈنٹ بار سردارفضل رازق ایڈووکیٹ، صدر آزادکشمیر کے میڈیا ایڈوائزر انصر صارم، سابق ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل راجہ ظفر معروف سمیت کونسلرز اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔حلف برداری کی تقریب کے موقع پر اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و ریٹرننگ آفیسر چوہدری   خالد حسین ثاقب نے سرانجام دیے جبکہ اسسٹنٹ الیکشن کمشنر عثمان منیر چوہدری نے چیئرمین،وائس چیئرمین،میئر و ڈپٹی میئر کی کامیابی کے الگ الگ نوٹیفکیشن پڑھے۔تقریب کے جملہ انتظامات وانصرام کے فرائض اسسٹنٹ کمشنر سردار عبدالقادر خان نے نہایت ہی احسن طریقے سے کررکھے تھے۔حلف برداری کی تقریب میں سب سے پہلے ضلع میرپور کی تمام یونین کونسل ہا،ڈڈیال،چکسواری اور اسلام گڑھ میونسپل کمیٹی ہاکے چیئرمین و وائس چیئرمین،میونسپل کارپوریشن کے میئر عثمان علی خالد،ڈپٹی میئر محمدرمضان چغتائی،چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا اور وائس چیئرمین ضلع کونسل عدنان شوکت نے حلف اٹھایا۔قبل ازیں تقریب کا آغاز حمد و نعت سے ہوا جبکہ اس موقع پر آزادکشمیر اور پاکستان کے قومی ترانے پیش کیے گے۔حلف برداری کی تقریب میں منتخب چیئرمین وائس چیئرمین،میئر وڈپٹی میئر جلوسوں اور ڈھول باجوں کے ہمراہ حلف برداری کی تقریب میں پہنچے۔حلف برداری کی تقریب میں منتخب چیئرمین،وائس چیئرمین ہا،میئر وڈپٹی میئر کے علاوہ کونسلرز اور چیدہ چیدہ شخصیات موجود تھیں جبکہ ضلع بھر کے مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین و وائس چیئرمین ہا کے حمایتیوں کی بڑی تعداد ہال کے باہر کھڑی رہی۔حلف برداری کے بعد شرکاء تقریب چیئرمین،وائس چیئرمین،میئرو ڈپٹی میئر کو ہار پہناتے رہے اور انھیں مبارکباد دیں۔

Share This Post

More To Explore