اسلامی نظریاتی کونسل آزادجموں وکشمیر کا خصوصی اجلاس چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی زیر صدارت ایوان صدر مظفرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمان خصوصی صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری تھے۔ اجلاس میں ممبران اسلامی نظریاتی کونسل مفتی کفایت حسین نقوی،مولانا صاحبزادہ پیر محمد حبیب الرحمان محبوبی، مولانا سعید یوسف، مولانا مفتی محمد حسین چشتی، مولانا محمد الطاف حسین سیفی، مولانا مفتی محمد عارف، مولانا قاری محمد اعظم عارف، سیکرٹری صدارتی اُمورڈاکٹر محمد ادریس عباسی، سیکرٹری مذہبی امورواوقاف سردارمحمد ظفرخان، سیکرٹری اسلامی نظریاتی کونسل حافظ رحمت اللہ تصور و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرآزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاہے کہ آزاد کشمیر کے آئین میں کوئی بھی قانون قرآن و سُنہ کے منافی نہیں ہو گا۔ اسلامی نظریاتی کونسل ایک انتہائی اہم آئینی ادارہ ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل محدود و سائل کے باوجود اپنے آئینی فرائض بہترین انداز میں انجام دے کر قوانین کو اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ کرنے، معاشرہ میں اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے نہ صرف حکومت اور اسمبلی کی درست شرعی راہنمائی کر رہی ہے بلکہ آزاد خطہ میں فرقہ واریت سے پاک بین المسالک مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ جس کا سہرا چیئرمین و اراکین کونسل کے سر ہے جو اُن کی تحقیق، قانونی دانش اور بصیرت کی عکاس ہے۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل 1978 سے لیکر 1997 تک ایک آرڈیننس کے تحت کام کرتی رہی میں نے بطور وزیراعظم 1997 میں کونسل کا ایکٹ اسمبلی سے منظور کروایا۔ اس بات میں کوئی شک نہیں بلکہ یہ حقیقت لائق فخر و تحسین ہے کہ آزادکشمیر میں قوانین کو اسلامی سانچے میں ڈھالنے کے علاوہ اسلامی نظریاتی کونسل نے اتحاد بین المسلمین، اتحاد بین المسالک اور حقیقی اسلامی معاشرہ کے قیام کے لیے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔ آزادجموں وکشمیر کے عبوری آئین 1974 میں تیرہویں ترمیم کے ذریعہ اسلامی نظریاتی کونسل کو وہی آئینی حیثیت حاصل ہو چکی ہے جو اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کی ہے۔ آئین کی رُوح اور منشاء کے مطابق ریاست کے تمام اداروں کی بالعموم اور اسلامی نظریاتی کونسل کی بالخصوص یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے اقدامات تجویز کریں جو مسلمان باشندگان ریاست کو انفرادی و اجتماعی طور پر اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالنے میں ممد و معاون ثابت ہوں، آزادکشمیر میں کوئی بھی قانون قرآن و سُنہ کے منافی نہیں ہو گا۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ دور حاضر میں امت مسلمہ کے اندر باہمی انتشار، اتحاد و اتفاق کی کمی اور مسالک کی بنیاد پر باہمی نفرت کا مرض ایک سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ ایسے میں تمام مسالک کے علماء کو ایک مرکز پر جمع کرنا وقت کا تقاضہ ہے۔ مجھے اُمید ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل اس پہلو پر بھی پہلے سے زیادہ اپنا مثبت کردار ادا کرے گی یہ امر باعث اطمینان ہے کہ یہاں آزادکشمیر میں کسی قسم کا لسانی یا مذہبی فرقہ واریت نہیں ہے اور علماء میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی تنظیم نو، دفتری مکانیت، اعزازیہ کی فراہمی سمیت جملہ مسائل یکسو کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔ چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر وچیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں بطور چیئرمین اپنی اور اراکین کونسل کی جانب سے اسلامی نظریاتی کونسل کے آج کے خصوصی اجلاس میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی شرکت پر انکا مشکور ہوں کہ انہوں نے کونسل کی دیرینہ روایت اور خواہش کو ملحوظ رکھتے ہوئے اپنی دیگر قیمتی مصروفیات کے باوجود کونسل کے اِس خصوصی اجلاس میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اسلامی نظریاتی کونسل ایک آئینی ادارہ ہے جو ہماری اساس ہے۔ عبوری آئین ایکٹ 1974 کے تحت اسلام کو ریاستی مذہب قرار دیا گیا ہے جہاں کوئی بھی قانون سازی اسلامی تعلیمات کے مغائر نہیں کی جاسکتی اور تمام نافذ العمل قوانین کو اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ ان مقاصد کی تکمیل کے لیے سال 1978ء میں اسلامی نظریاتی کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا تا کہ حکومت اسکی مشاورت اور سفارشات کی روشنی میں نہ صرف قانون سازی اسلام کی تعلیمات کے مطابق کرے بلکہ ریاست کے باشندگان کی انفرادی و اجتماعی زندگیوں کو اسلام کے مطابق ڈھالنے اور اسلامی معاشرہ کے قیام کے لیے بھی عملی اقدامات کرے گی۔ چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر و چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہا کہ موجودہ کونسل بھی مستند صاحب الرائے شخصیات پر مشتمل ہے۔ جن کی بدولت نہ صرف کونسل اپنا کام مؤثر انداز میں کر رہی ہے بلکہ اس فورم سے آزادکشمیر میں بین المسالک ہم آہنگی بھی مثالی ہے۔ اس موقع پر علماء کرام نے اسلامی نظریاتی کونسل کے لیے دفتری مکانیت سمیت دیگر مطلوبہ وسائل فراہم کرنے اور پیش کردہ تجاویز پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس امر کا اعادہ کیا کہ آزادکشمیر میں مذہبی ومسلکی رواداری اور ایک دوسرے کے نظریات کو برداشت کرنے میں وہ اپنا موثر کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر کشمیر کی آزادی،ملک کی سلامتی اور صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی صحت کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ملاقات کی۔
وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ملاقات کی۔ اس