وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ ایل او سی پر بسنے والے عوام کے عزم و ہمت اور جذبوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ ایل او سی پر بسنے والے عوام کے عزم و ہمت اور جذبوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ بھارتی فوج ایل او سی کے عوام کے جذبے اور ہمت کو سرد نہیں کر سکی۔اگر ریاست میں امن چاہتے ہیں تو انتشار پسند عناصر کو اپنی صفوں سے باہر نکالنا ہوگا۔ہماری بدقسمتی ہے کہ انتشار پھیلانے والے عناصر ہماری صفوں میں شامل ہو چکے ہیں۔ ہمیں اپنی صفوں میں موجود انتشار پھیلانے والے عناصر کو پہچاننا ہوگا۔ ہماری صفوں میں موجود انتشار پسند عناصر اپنی دوکانیں چمکانا چاہتے اور اپنے عزائم رکھتے ہیں۔مطالبات اپنی جگہ لیکن جو طریقہ کار استعمال کیا گیا اس سے مسئلہ ہے۔ ایسی گفتگو اور طرز عمل سے گریز کرنا چاہیے جس سے انتشار کو ہوا ملے۔ وادی لیپہ کی سیاحتی ترقی کے لیے کنسلٹنٹ ہائر کرکے جامع پلاننگ کی جائے گی۔میاں نواز شریف کا فون آیا تو انہیں بتایا کہ میں وادی لیپہ میں موجود ہوں۔ میاں نواز شریف نے وادی لیپہ کے عوام کو سلام پیش کیا ہے۔انتشار پسند عناصر تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وادی لیپہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے وزیر صحت وبہبود آباد ڈاکٹر مصطفی بشیر، سابق وزیر چوہدری محمد رشید، ممبر کشمیر کونسل چوہدری منظور احمد، راجہ سہیل ناصر خان، عزیز احمد بدھن، احسان الحق شامی، ریاض گیلانی، سیف الرحمان، ملک شوکت، سلمان اعوان ودیگر نے خطاب کیا۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔ ایل او سی پر دفاع وطن کیلئے موجود افواج پاکستان کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ لوگ وادی لیپہ کی خوبصورتی دیکھنا چاہتے ہیں، یہاں سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کریں گے۔ لیپہ کے عوام سیاحت کے فروغ کے لیے قابل عمل پروپوزلز پیش کریں۔ ایسے منصوبے لائیں گے جن سے لیپہ کے عوام باعزت روزگار کما سکیں۔ علاقے سے بے روزگاری کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیپہ میں سڑکوں سمیت بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد لیپہ کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔ مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم بچوں کو پاکستان کی بہترین یونیورسٹیوں میں تعلیم دلوائیں گے۔ بچوں کو بہترین سرکاری اور ٹاپ پرائیویٹ یونیورسٹیوں میں تعلیم کے مواقع فراہم کریں گے۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ بہتر ایکسپوژر دینا بھی ضروری ہے۔وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں لیپہ کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبے لیکر آ رہے ہیں۔ مرحلہ وار تمام بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز کو اپ گریڈ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ حکومت کا مقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کا حصول ہے۔ ہمیں استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔ کشمیری استصواب رائے کے ذریعے اسلام آباد کے حق میں ووٹ دیکر پاکستان کی تکمیل کرینگے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر امن کا گہوارہ ہے، امن، عزت اور احترام ہماری میراث ہیں۔ ریاست کو آگے لے کر جانا ہے تو ہم سب کو متحد ہو کر چلنا ہوگا۔ ہمارا مقصد ریاست کے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے کام کرنا ہے۔ حکومت کو تھوڑا وقت دیں، ریاست میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ تین ماہ میں تھرڈ پارٹی کے ذریعے سرکاری ملازمتوں میں بھرتی کا عمل شروع ہو جائے گا۔قبل ازیں وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی وادی لیپہ میں جلسہ گاہ آمدپر شاندار استقبال کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے وزیر اعظم افتخار گیلانی کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ کارکنان کے پرجوش نعروں سے جلسہ گاہ گونج اٹھی۔

لیپہ ویلی(پی آئی ڈی)08نومبر2026

وزیر صحت وبہبود آبادی ڈاکٹر مصطفی بشیر نے وادی لیپہ میں وزیر اعظم کے اعزاز میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی کے دورہ لیپہ ویلی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے لیپہ ویلی کا دورہ کیا اور یہاں کے عوام کو وقت دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ٹیم ایک بہترین ٹیم ہے۔ حکومت کی ترجیحات میں عوامی مسائل کا حل اور علاقے کی ترقی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ لیپہ ویلی میں سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں اور یہاں کا اصل پوٹینشل ٹورازم ہے، جسے ترقی دے کر علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ لیپہ ویلی میں تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال قائم کیا جائے گا تاکہ مقامی آبادی کو صحت کی بہتر اور معیاری سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔سابق وزیر حکومت چوہدری محمد رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوامی مشکلات میں کمی کے لیے دستیاب وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لائینگے۔ ہماری کوشش ہے کہ اس علاقے میں سیاحت کو فروغ دیا جائے تاکہ لیپہ ویلی کی قدرتی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جا سکے۔سابق وزیر حکومت نے کہا کہ لیپہ شہداء کی دھرتی ہے، اس خطے کے عوام کی قربانیوں اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن مظفرآباد ڈویژن کے سینئر نائب صدر راجہ سہیل ناصر خان نے کہا کہ لیپہ ویلی کے عوام کو عرصہ دراز سے مختلف مسائل کا سامنا ہے، جن میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، بجلی، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ وزیراعظم کی آمد سے عوام کو اپنے مسائل براہِ راست اعلیٰ حکومتی قیادت کے سامنے رکھنے کا موقع ملا ہے، جو ایک بہت مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی قیادت میں لیپہ ویلی کی تعمیر و ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے اور عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ لیپہ ویلی قدرتی حسن، سیاحتی امکانات اور بے شمار وسائل سے مالا مال علاقہ ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس علاقے کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سیاحت کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے وزیراعظم افتخار گیلانی کی آمد اور عوامی مسائل سننے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

Share This Post

More To Explore

صدر آزادجموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے راولاکوٹ میں شرپسند عناصر کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستان رینجرز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ برکت علی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر آزادجموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے راولاکوٹ میں شرپسند عناصر کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستان رینجرز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ برکت

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہاہے کہ ایک مضبوط پاکستان ہی آزادی کی جدوجہد کا ضامن ہے، پاکستان کی سیاسی قیادت کو مظفرآباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، خوشی ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر مضبوط ہو رہا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہاہے کہ ایک مضبوط پاکستان ہی آزادی کی جدوجہد کا ضامن ہے، پاکستان کی سیاسی قیادت کو مظفرآباد آمد