سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں قائد ایوان چوہدری انوارالحق، قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد ، موسٹ سینئر وزیر ،وزیر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ،داخلہ وقار احمد نور ، وزیر زراعت و لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ سردار میر اکبر خان، وزیر قانون ، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق میاں عبدالوحید، وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز را ٹھور، وزیر صنعت، کامرس، لیبر ویلفیئر و اوزان و پیمائش راجہ محمد صدیق، وزیر خوراک محمد اکبر چوہدری ، وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ اظہر صادق اوروزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ۔ قرارداد میں کہاگیا کہ یہ ایوان پہلگام میں ہندوستان کی طرف سے فالس فلیگ آپریشن اور اس کے فوری بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات ، ہندوستانی میڈیا کی طرف سے مسلمانوں اور کشمیریوں کے خلاف نفرت کا ماحول پیدا کرنے ، 2500 سے زائد عام شہریوں کی بلا جواز گرفتاریوں ، گھروں کو بلڈوز کرنے اور دیگر ظالمانہ اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔
یہ ایوان ہندوستان کی سیکورٹی کا بینہ کمیٹی کے فیصلہ جات کی مذمت کرتا ہے، یہ فیصلہ جات ظاہر کرتے ہیں کہ ہندوستان نے ایک طے شدہ منصوبہ کے تحت بغیر کسی تحقیق یہ اقدامات کر کے پاکستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری حق خوداردایت کی تحریک کو بد نام کرنے کی کوشش کی ہے ۔ ہندوستان کو یہ قانونی حق حاصل نہیں کہ وہ سندھ طاس معاہدہ کو ختم کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کرے، اس معاہدے میں ورلڈ بینک ایک ضامن کے طور پر موجود ہے۔ ہندوستان کی طرف سے یہ اعلان اس خطہ کو بدامنی اور جنگ میں دھکیلنے کی کوشش ہے۔ یہ ایوان پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی مکمل تائید کرتا ہے۔ پاکستان کے اس دلیرانہ موقف کو جموں و کشمیر کے عوام سراہتے ہیں۔ قرارداد میں کہاگیاکہ پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے ہندوستان کے توسیع پسندانہ اور جارحانہ اقدامات کا موثر جواب ہیں۔ یہ ایوان ہندوستان کی قابض افواج کی طرف سے سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں اور بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتا ہے اور پاکستان کی بہادر افواج کی طرف سے ہندوستان کو بھر پور جواب دینے پر ان کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔قرارداد میں کہاگیاکہ یہ ایوان چیف آف آرمی سٹاف جناب جنرل عاصم منیر کی طرف سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالہ سے دوٹوک اور اصولی موقف اپنانے ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے ، ہندوستان کے ہندتوا ایجنڈا کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور ہندوستان کی دھمکیوں کا پوری قوت اور جذبہ ایمانی سے جواب دینے پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑیں گے اور اس ملک کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ یہ ایوان ہندوستان کے توسیع پسندانہ عزائم کو عالمی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ سجھتا ہے ۔ ہندوستان کی حکومت کی طرف سے ہندوستان میں مذہبی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے مذہبی مقامات اور عقائد پر حملوں اور حکومت کی سرپرستی میں ان کو اپنے مذاہب چھوڑنے کے لیے قتل کرنے، تشدد اور جائیدادوں کو تباہ کرنے کے اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔ یہ ایوان قائد ایوان کی طرف کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق دلیرانہ اور دو ٹوک موقف پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے اور قائد ایوان کے اس موقف کو ریاست جموں وکشمیر کے عوام کا اجتماعی موقف سمجھتا ہے۔
——————————————————
مظفرآباد(پی آئی ڈی)یکم مئی 2025
آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں مشیر برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن محترمہ نثارہ عباسی کی جانب سے پیش کر دہ قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ۔ قرارداد میں کہاگیا کہ قانون ساز اسمبلی کا آزاد جموں و کشمیر کا یہ اجلاس مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اس بات کا اعتراف کرتا ہے کہ مزدور کسی بھی ملک کی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتے ہیں ۔ ہم ہر سال یکم مئی کو یوم مزدور کے طور پر مناتے ہیں اور تمام محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ تمام مزدوروں کو ان کے حقوق دیئے جائیں جن میں مقرر کی گئی اجرت محفوظ ماحول اور سوشل سیکورٹی شامل ہے اور جبری مشقت کا خاتمہ بھی کیا جائے ۔ مزدوروں کو یونین سازی کا حق حاصل ہو اور ان کی آواز کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائے۔ آج کے دن کے حوالے سے اجلاس اس عزم کا اعادہ بھی کرتا ہے کہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ممکنہ وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
—————————————————–
مظفرآباد(پی آئی ڈی)یکم مئی 2025
وزیر فشریز ، وائلڈ لائف و ترقیاتی ادارہ مظفر آباد سردار جاوید ایوب اور وزیر سماجی بہبود و ترقی و نسواں سید بازل علی نقوی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ۔ سردارجاوید ایوب نے ایوان میں قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر میں آباد محنت کشوں کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے اپنی شبانہ روز محنت کے ذریعے نہ صرف دنیا کے تمام ممالک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا بلکہ اپنی لگن اور محنت سے یہ ثابت کیا کہ دنیا میں وہی قو میں ترقی کرتی ہیں جو محنت شاقہ اور کام کو اپنا شعار بنالیتی ہیں۔ قرارداد میں کہاگیاکہ اس معزز ایوان کی رائے میں یکم مئی 1886 میں شکاگو میں ہونے والے اس واقع کی یاد لاتا ہے جب مزدوروں نے اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائی اور اس کے نتیجے میں مزدوروں کے اجتماع پر پولیس کی فائرنگ سے بے شمار مزدوروں کو اپنی جان کی قیمت ادا کرنی پڑی ۔ یہ دن ان محنتی مردوں اور عورتوں کے لیے وقف ہے جنہوں نے اس قوم کو بنایا اور اسے آگے بڑھانا جاری رکھا۔ فیکٹریوں سے لے کر کھیتوں تک ، دفاتر سے لے کر تعمیراتی جگہوں تک، مزدور کا ہر کام ہمارے قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس دن، ہم ان لوگوں کی عزت کرتے ہیں جو ہماری دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے دن رات انتھک محنت کرتے ہیں۔ یہ ایوان مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر مطالبہ کرتا ہے کہ دنیا میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے بنائے گئے عالمی قوانین پر عملدرآمد کیا جائے اور مزدوروں کو ان کی محنت کا حق دیا جائے ۔ پاکستان میں ذوالفقار علی بھٹو شہید کے دور حکومت میں مزدوروں کو معاشی حقوق دیئے گئے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے قوانین بنائے گئے ۔ جس کی وجہ سے مزدوروں کو یہ احساس دلایا گیا کہ وہ ہمارے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں۔ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ مزدوروں کی خوش حالی اور فلاح و بہبود کے لیے کم سے کم اجرت کے قوانین پرسختی سے عمل کرتے ہوئے مزدوروں کی خوشحالی اور فلاح وبہو کو یقینی بنایا جائے۔ تا کہ معاشرے کا ایک اہم حصہ جو اپنی محنت اور کام کی وجہ سے قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، کی زندگیوں میں خوشگوار تبد یلی لائی جاسکے۔
——————————————————-
مظفرآباد(پی آئی ڈی)یکم مئی 2025
وزیر برائے وائلڈ لائف و فشریز سردارجاوید ایوب نے قانون سازاسمبلی میں پیش کردہ اپنی قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر دنیابھر کے مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ مزدوروں کے لیے حفاظتی اقدامات کیےجانے ناگزیر ہیں ۔انہوں نے لیبر کورٹس کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھانے ناگزیر ہیں ۔
قراردادوں پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر برائے سماجی بہبود و ترقی نسواں سید بازل علی نقوی نے کہاکہ شکاگو کے مزدوروں کو شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں ، حکومت نے کم سے کم اجرت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے مزدور وں کی فلاح وبہبود کیلئے قانون سازی کی ہمیں اپنے لیڈر پر فخر ہے ۔
قراردادوں پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے مشیر حکومت محترمہ نثارہ عباسی نے کہاکہ وزیراعظم نے مزددوروں کا احساس کرتے ہوے کم سے کم اجرت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اس پر عملدرآمد بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاک پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں انتہائی کم اجرت پر پڑھے لکھے نوجوانوں کو خوار کیاجاتا ہے اس حوالے سے پرائیویٹ اداروں کو این او سی جاری کرتےوقت اجرت کے حوالے سے شرط رکھی جائے ۔
————————————————————————————–
مظفرآباد(پی آئی ڈی)یکم مئی 2025
آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے دوران قائد ایوان ، قائدحزب اختلاف اور وزرا حکومت و ممبران اسمبلی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد پر پر بحث میں حصہ لیتے ہوئےصدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم سردارعتیق احمد خان نے کہاکہ ہندوستان کادارومدارپاکستان کےخلاف نفرت انگیز بیانیے پر ہے ، پہلگام میں ہندوستان نے جو واقعہ کروایا اس پر افسوس ہوا۔ ہندوستانی خفیہ ایجسیز ساری دنیا میں دہشتگردی کی کارروائیں کروارہی ہیں۔پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ، موجودہ صورتحال میں پاکستانی حکومت افواج نے کس حکمت عملی کا مظاہرہ کیا اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ سردارعتیق احمدخان نے کہاکہ جنگیں جیتنے کے لیے لوکل سپورٹ کا ہوناضروری ہے جو کہ ہندوستان کے پاس نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سپہ سالار جنرل عاصم منیر کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے کہاکہ کشمیر پر دس جنگیں لڑنے کے لیے تیار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سندھ طاس معاہدے کا گارنٹر ورلڈ بینک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ہر لحاظ سے ہندوستان سے برتر ہے ۔
صدر پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر وسابق وزیراعظم سردارعبدالقیوم نیازی نے کہاکہ پاکستان نہ غزہ ہے اور نہ روہنگیا، کسی بھی جارحیت کی کوشش کی گئی تو دندان شکن جواب دیاجائےگا، مودی اپنی آرایس ایس کے نظریے کے تحت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر کے مسئلہ کشمیر کو ختم کرنا چاہتا ہے ، مودی 2019 میں ایسا ایک اور واقعہ کرکے اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوا تو اس نےیہ پہلگام کا واقعہ رچایا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں قومی یکجہتی پر زور دیا۔
وزیربلدیات فیصل ممتازراٹھور نے کہاکہ پاکستان اور کشمیر کا بچہ بچہ اپنی بہادرافواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ، ہم اپنے سپہ سالار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو حافظ بھی ہے اور مجاہد بھی ۔ موجودہ صورتحال میں پاکستانی قوم یکجا ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی سوچ تبدیل نہیں ہوسکتی ، پہلگام واقعہ کے بعد ہندوستان کا طرز عمل انتہائی غیر دارانہ ہے ۔ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں بھی بھارت ملوث ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں بلاول بھٹو زداری کو بھی خراج تحسین پیش کرتاہوں جنہوں نے کہاکہ اگر دریا نہیں بہیں گے تو خون بہے گے ۔
صدرجموں وکشمیر پیپلز پارٹی سردارحسن ابراہیم خان نے کہاکہ مودی پر جب بھی مشکل وقت آتا ہے تووہ پہلگام کی طرح کے واقعات کرواتا ہے، ہندوستان نے بین الاقوامی سطح پر جو بیانیہ بنانے کی کوشش کی اس میں ناکام ہوا ہے ، پہلگام جیسے واقعات تب ہوتے ہیں جب یوایس کی اہم شخصیت ہندوستان میں موجودہوتی ہے ، ہندوستان اسرائیل کی طرز پر مقبوضہ جموں وکشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرناچاہتا ہے ۔بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ہندوستان کا ہاتھ ہے ، پہلگام واقعہ کر کے ہندوستان کو وہ پزیرائی نہ مل سکی جو وہ چاہتاتھا۔ انہوں نے کہاکہ چائنہ اور ترکی نے پاکستان نے بھرپور حمایت کی ہے ۔ سردارحسن ابراہیم خان نے کہاکہ کشمیری اپنی بہادر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیاجائیگا۔
وزیرتعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی نے کہاکہ ہندوستان نے اپنے اندرونی خلفشار سے توجہ ہٹانے کیلئے پہلگام کا واقعہ کیا ۔ ہندوستان نے دنیا کےکئی ممالک میں دہشتگردی کی ہے ۔ پلوامہ کاواقعہ اور اس کے بعد پہلگام میں یہ واقعہ کروایا ۔ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی معاہدے یکطرفہ طورپر ختم نہیں ہوسکتے ۔ اگر پاکستان کا پانی روکاگیا تو پھر جنگ ہوگی ۔ مسلمان پر اگر جنگ مسلط کی جائے توپھر جہاد اس پر فرض ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام پر بدترین جبر کررہا ہے ۔ ہم کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار اور اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔
وزیرخزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ ہندوستان کی جانب سے کشمیریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں ، پوری قوم اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،وزیر خارجہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے ہندوستان کی دہشتگرد ی کے ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں ، وقت کا تقاضا ہے کہ ہندوستان کا مکروہ چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب کیاجائے ۔
وزیر برائے بہبودآبادی سردارمحمد حسین خان نے کہاکہ کشمیریوں نے 19جولائی 1947کو اپنا مستقبل پاکستان سے وابستہ کر دیاتھا۔ ہمارے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے جرات مندانہ موقف اپنایا ہے ۔ ملک کے دفاع کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے
وزیرٹیوٹا سردارعامر الطاف خان نے کہاکہ ہندوستان پاکستان میں دہشتگردی کروارہا ہے ، ہم اپنی بہادر افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مودی نے دیکھا کہ اسکی مقبولیت میں کمی آرہی ہے تو اس نے پلوامہ واقعہ کروادیا اسی طرح اس نے پہلگام حملہ بھی کروایا۔ اس دوران بھارتی میڈیا نے آگ لگانے کی بھرپور کوشش کی لیکن پاکستانی میڈیا کاکرداربہتررہا ہے ۔
—————————————————————
مظفرآباد(پی آئی ڈی)یکم مئی 2025
آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جمعرات کے روز سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں یوم مزدور کی مناسبت سے وزیرحکومت سردارجاوید ایوب کی تحریک پر مزدوروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایوان کے اندر ممبران اسمبلی نے کھڑے ہوکر ایک منٹ خاموشی اختیار کی گئی۔
اجلاس میں مسودہ قانون
The Muzaffarabad Institute of Science and Technology (MIST), Muzaffarabad
Act, 2025.
کو متعلقہ سٹینڈنگ کمیٹی کے سپردکردیاگیا۔ اجلاس کے دوران وزیر قانون و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید نے مسودہ قانون
The Azad Jammu and Kashmir Waqf Properties (Amendment) Act, 2023.
اور مسودہ قانون-:
The Azad Jammu and Kashmir Finance (Amendment) Act, 2025.
اور
The Azad Jammu and Kashmir Stamp (Amendment) Act, 2025.
ایوان میں پیش کیا ۔ اجلاس میں قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے محکمہ زراعت کے موسٹ سیئنر افسران کی ترقیابیوں کے حوالے سے توجہ دلاو نوٹس پیش کیا۔قانون ساز اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسمبلی نے 8 مئی کو دن 11 بجے تک ملتوی کر دیا
——————————————————
مظفرآباد(پی آئی ڈی)یکم مئی 2025
سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں وزیر خوراک چوہدری محمد اکبرابراہیم اور ممبر اسمبلی چوہدری محمد اسماعیل گجر کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی ۔ وزیر خوراک چوہدری محمد اکبر ابراہیم نے ایوان میں قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ مہاجرین مقیم پاکستان 1947 ء کو فی کنبہ100کنال رقبہ پاکستان کے مختلف شہروں میں الاٹ ہوا تھا ۔جس کی اس وقت قیمت 10 روپے فی یونٹ جمع کروانے کا حکم ہوا تھا۔ جس میں کچھ مہاجرین مقیم پاکستان کوسنٹرل گورنمنٹ کے ذریعے رقبہ الاٹ ہوا تھا اور کچھ کو محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے رقبہ الاٹ ہوا۔جن کوسنٹرل گورنمنٹ کی جانب سے رقبہ الاٹ ہوا انہوں نے پیسے بھی جمع کروا دیے اور ان کو مالکانہ حقوق بھی مل گئے تھے اور جن کو محکمہ اوقاف پنجاب کا رقبہ الاٹ ہوا تھا ان کو پیسے جمع کروانے کے باوجودمالکانہ حقوق نہیں مل سکے ۔یہ تقریبا 400 کنبہ جات ہیں جو کہ ضلع حافظ آباد ،گجرانوالہ گجرات اور سیالکوٹ میںآباد ہیں۔ حکومت آزاد کشمیر ان کنبہ جات کو مالکانہ حقوق دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔اس قراردادپر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد اکبرابراہیم نےکہاکہ قائد ایوان یہ معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ اٹھائیں ۔ وزیرخزانہ عبدالماجدخان نے کہاکہ یہ معاملہ پہلے وفاق یا پنجاب کے محکمہ کی سطح پر اٹھایاجائے جس کے بعد وزیراعلیٰ سے بات کی جائے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ وزیر بحالیات کی سربراہی میں مہاجرین کی نشستوں پر منتخب ممبران اسمبلی کی کمیٹی بنائی جائے ۔