وزیر اطلاعات آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ ارض فلسطین پر جاری صہیونی بربریت کو رکوانے کے لیے امت مسلمہ واحدت کا مظاہرہ کرے ، فلسطینیوں اور کشمیریوں کے غم یکساں ہیں ،کشمیری اپنے فلسطین کے بہن بھائیوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں ، اسرائیل غزہ کے مسلمانوں کی نسل کشی کے گھناؤنے جرائم میں ملوث ہے ، غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا کوئی جواز قبول نہیں، اسرائیل کے سامنے ڈٹ جانے والے نہتے فلسطینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے رمضان المبارک میں معاہدہ توڑنا انسانیت دشمنی اور عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے۔ جبکہ حماس نے اس معاہدے کی مکمل پاسداری کی۔ اقوام متحدہ مسلہ فلسطین اور مسلہ کشمیر پر موثر اقدام اٹھانے سے تاحال قاصر ہے ، نوجوان صہیونی مظالم کو سوشل و ڈیجٹل میڈیا پر اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ وزیراطلاعات آزاد کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ اسرائیل کے وجود سے مشرق وسطیٰ کے امن کو خطرات لاحق ہیں ، امت مسلمہ واحدت کا مظاہرہ کرے اور اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی کمپین کو کامیاب بنانے کے لیے کردار ادا کرے ، اسرائیلی بربریت کا نشانہ معصوم فلسطینی بن رہے ہیں ، مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، غزہ میں محصور نہتے مسلمانوں کی المناک داستانیں بھی عالمی ضمیروں کو جھنجھوڑنے سے قاصر ہے ، مزاحمت ہی حل ہے ، یہود و ہنود سے ان کے لہجے میں بات کرنی ہو گی ، انھوں نے کہا کہ فلسطین کے نہتے مسلمانوں کو اسرائیلی بربریت سے بچانے کے لیے ہارڈ سٹانس لینا ہوگا ، اسرائیلی سرماؤں نے انسانیت کی ساری حدیں پار کر لی ہیں ، غزہ کی بے بسی پر عالمی طاقتوں کی خاموشی بھی مجرمانہ فعل ہے ، مسلمان قبل اول کی حفاظت کے لیے آگے بڑھیں ، اگر مسلہ فلسطین کا پائیدار حل نہ نکالا گیا تو مشرق وسطیٰ کے دیگر اسلامی ممالک بھی اسرائیلی وحشت کا نشانہ بن سکتے ہیں ، انھوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اسرائیلی بربریت پر ٹھوس اقدام اٹھائے بصورت دیگر امت مسلۂ واحدت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیلی بربریت کے خلاف انتہائی اقدام کے لیے حکمت عملی وضع کرے ۔