وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ سابق صدر ریاست جموں وکشمیر غازی ملت کیپٹن جنرل سید علی احمد شاہ مرحوم تحریک آزادی کشمیر اور تحریک الحاق پاکستان کے جراتمند اور عظیم راہنما تھے ان کا شمار چوہدری غلام عباس کے ساتھیوں میں ہوتا ہے انھوں نے تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا اور وہ 19جولائی 1947کو سرینگر میں قرارداد الحاق پاکستان پیش کرنے والوں میں شامل تھے۔14اگست 1947کو وہ پاکستان آگئے جہاں سے انھوں نے میرپور،ڈڈیال اور بھمبر کے علاقوں کو ڈوگرہ حکومت سے آزادی دلوانے کے لیے مجاہدین کی عسکری تربیت کی۔ غازی ملت کیپٹن جنرل سید علی احمد شاہ مرحوم ایک نڈر،مخلص،جراتمند اور اعلیٰ قائدانہ صلاحیتوں کے مالک لیڈر تھے جن کی دیانتداری اور شرافت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔انھوں نے بطور صدرا ٓزادکشمیر آزادکشمیر میں انقلابی آرمی تشکیل دی او ر سرکاری محکموں میں امور دینیہ کا اضافہ کروایا۔سیدعلی احمد شاہ کی بے مثال خدمات کو ریاست جموں وکشمیر کی حکومت اور عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ریاست جموں وکشمیر میں قانون و آئین کی بالادستی قائم رکھتے ہوئے ریاست کے ہر فرد کو بلاتخصیص انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا جبکہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے حکومت اپنا کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے سابق صدر آزادکشمیر غازی ملت کیپٹن جنرل سید علی احمد شاہ مرحوم کی سالانہ برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ غازی ملت کیپٹن جنرل سید علی احمد شاہ مرحوم شرافت،دیانت اور ذہانت کے پیکر تھے جو اسلامی شعار کی مکمل پاسداری کرتے تھے۔انھوں نے تحریک آزادی کشمیر اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے آزادی کے بیس کیمپ کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح وبہبود کے لیے جو خدمات سرانجام دی ہیں وہ تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔انھوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر اس وقت نازک مرحلہ میں داخل ہوچکی ہے ہمیں اپنے اسلاف کی روایات کو مدنظر رکھ کر مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے نہتے عوام پر ہونے والے بھارتی انسانیت سوز مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہوگا تاکہ کشمیریوں کو ان کا مسلمہ اور پیدائشی حق حق خودارادیت انھیں مل سکے اور مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر بھارت کے چنگل سے آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بن سکے۔