DGPR AJK

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پرحکومت آزادکشمیر، پاک آرمی اور کشمیر پالیسی اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ (کے پی آر آئی) کے زیر اہتمام سیمینار بعنوان ”مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوستان کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ۔

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پرحکومت آزادکشمیر، پاک آرمی اور کشمیر پالیسی اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ (کے پی آر آئی) کے زیر اہتمام سیمینار بعنوان ”مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوستان کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ”۔ کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ مظفر آباد میں منعقد ہوا۔تقریب کے مہمان خصوصی پیر محمدمظہر سعید شاہ وزیر اطلاعات آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہیں۔ 1989 سے اب تک 96 ہزار کشمیری شہید کیے جا چکے ہیں، ڈیڑھ لاکھ بچے یتیم ہو چکے ہیں، جبکہ 23 ہزار خواتین بیوہ ہوئی اور12 ہزار خواتین کی عزتیں پامال کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو نہ صرف جسمانی بلکہ معاشی طور پر بھی کمزور کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ بھارتی افواج نے پیلٹ گنز کے استعمال سے 25 ہزار کشمیری نوجوانوں کو معذور کر دیا ہے، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔پیر محمدمظہر سعید شاہ نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ”ہمارے نبی ﷺ کا فرمان ہے کہ ظالم اور مظلوم دونوں کی مدد کرو۔ ظالم کی مدد یہ ہے کہ اس کے ظلم کو روکا جائے، اور مظلوم کی مدد یہ ہے کہ اس پر ہونے والے ظلم کا خاتمہ کیا جائے۔ ہمیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے حق میں کھڑا ہونا ہوگا اور ان کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھنی ہوگی۔”انہوں نے عالمی برادری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسٹ تیمور،روانڈااور جنوبی سوڈان کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے، لیکن کشمیر کی طرف سے آنکھیں بند کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر او رفلسطین کی وجہ سے ایشیا اور مشرق وسطیٰ کا امن خطرے میں ہے۔ عالمی برادری کی قرار داد وں کو ہندوستان اور گجرات کا قصائی رد کرتا ہے مگر دنیا خاموش ہے۔ آزادی اور پاکستان کے پڑوس کو نعمت سمجھیں۔ اگر سرحدوں پر ہمارے محافظ نہ ہوتے تو زمین میں فساد ہوتا۔ دنیا نے کشمیری قوم کا جمہوری نظام دیکھا ہے اور ریاست نے ماں ہونے کا حق ادا کیا ہے۔ اور یاست نے ماں ہونے کا حق ادا کیا ہے۔ ہمارا نوجوان شجر سایہ دار بنے اور دنیا کو علم، انصاف اور امن کا گہوارہ بنائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکٹر کمانڈر آئی ایس پی آر آزادجموں وکشمیر و گلگت بلتستان زون محمد طارق سہیل نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے پچھلے 75 سال سے کشمیر ایشو کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ آزادی کے لیے قربانیاں دینا ضروری ہیں۔ مسلم دنیا کو متحد ہو کر کشمیری عوام کی حمایت کرنی چاہیے۔ پاکستان صرف ایک ملک نہیں بلکہ مسلم امہ کی پہچان ہے۔ ہمیں اپنے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اتحاد اور جدوجہد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم جاری ہیں، مہاراشٹر میں مسجد کی جگہ مندر بنانے کے لئے پانچ مسلمانوں کو شہید کردیا گیا، لیکن عالمی میڈیا ان مسائل پر خاموش ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر کے پی آر آئی راجہ سجاد لطیف نے جموں وکشمیر میں ہونے والے غیر انسانی رویے کے حوالہ سے Lawfair as a tool of Repression in IIOJK پر، ڈاکٹر وقار اشرف بٹ وائس چیئرمین ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن آزادکشمیر، سیدہ تحسین بخآری اسسٹنٹ ڈائریکٹر سنٹر فار انٹرنیشنل سٹریٹجک سٹڈیز اور راجہ عبد الباسط نے ہندوستانی افواج و حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں کشمیر میں بربریت پر تفصیلی بریفننگ دی۔سیمینار میں مقررین نے زور دیا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دلائیں۔اس موقع پرایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات عاطف رحمان، کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمٰن، ڈی آئی جی ڈاکٹر لیاقت حسین، صحافی، سول سوسائٹی اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

Share This Post

More To Explore