آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ سستا آٹا اور بجلی کے انراخ پر سبسڈی جاری رہے گی ، عوام سبسڈی کے خاتمہ کی افواہوں پر کان نہ دھریں ۔ مذاکرات کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ مظفر آباد شہر کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں ۔ پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس پر طویل البنیاد کمیٹی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں تاریخ ساز ہیلتھ پیکج سے صحت سے منسلک مسائل کا خاتمہ ہوگا ۔ دارالحکومت میں شہر کی صفائی کے لیے درپیش مسائل کا خاتمہ کریں گے ۔ عوامی ایکشن کمیٹی سے حکومتی مصالحتی کمیٹی مسلسل رابطہ میں ہے ، اختلاف جمہوریت کا حسن ہے ہم احتجاج کرنے والوں کا نقطہ نظر سننے کے لیے ہمہ تن تیار ہیں ، پلیٹ کے تاجران کے مسائل جائز ، وفد کی صورت میں آئیں ملیں ، مسائل سنے بھی جائیں گے اور فوری حل کیے بھی جائیں گے ، بات کرنے والوں سے ضرور بات کی بھی جائے گی اور سنی بھی جائے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلیٹ کے مقام پر تاجروں سے گفتگو کے دوران کیا ۔ اس موقع پر وزرا حکومت عبدالماجد خان ، سردار جاوید ایوب ، دیوان علی خان چغتائی ، مشیر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نثارہ عباسی سمیت انتظامیہ و بلدیہ افیسران ، سیاسی کارکنان اور تاجران کی بڑی تعداد موجود تھے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آٹا اور بجلی پر سبسڈی جاری رہے گی ۔ تاجران کی جانب سے صفائی کا معاملہ اٹھانے پر بلدیہ کے حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں ۔ آئندہ چند دنوں میں پلیٹ سمیت شہر بھر میں لائٹنگ اور صفائی سے منسلک مسائل کا خاتمہ ہوجائے گا ۔ تاجروں کے مطالبات سننے کے لیے تیار ہیں ۔ احتجاج سے کوئی اختلاف نہیں اگر کوئی احتجاج کرے گا تو اسے بھی سنا جائے گا اور بات چیت کے لیے آنے والوں کو بھی خوش آمدید کہیں گے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تاجران کے جملہ مسائل کو حل کیا جائے گا ۔ پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس پر طویل البنیاد کمیٹی بنا دی گئی ہے جس میں ہر طبقہ کے نمائندوں کو نمائندگی کا حق دیا جائے گا ۔ تاریخ ساز ہیلتھ پیکج سے صحت کے شعبہ میں عوام کو زبردست ریلیف ملے گا ۔ مذاکرات کرنے والوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ یہاں پلیٹ کسی کی دعوت پر آیا تھا جہاں بھی کوئی بلائے گا تو ضرور جاؤں گا ۔ حکومتی مصالحتی کمیٹی کا عوامی ایکشن کمیٹی سے رابطہ برقرار ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہیجان بلاجواز ہے آٹا اور بجلی پر سبسڈی جاری رہے گی ۔ سب قانون کے سامنے جوابدہ ہیں ۔ قانون کے دائرے میں اٹھنے والی آواز کو ضرور سنا جائے گا اور مسائل کو حل بھی کیا جائے گا ۔ ہمارا مشن عوام کی فلاح ہے عوامی فلاح کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ تاجران کی جانب سے صفائی کے مسائل پر وزیراعظم نے بلدیہ اور انتظامیہ کو فوری احکامات دئیے ۔ وزیراعظم نے پلیٹ کے تاجران سے کہا کہ افواہوں پر کان نہ دھریں ۔ آٹا اور بجلی پر سبسڈی جاری رہے گی ۔ وفد کی صورت آئیں، مسائل بیان کریں ، حکومت مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھائے گی ۔ بعدازاں وزیراعظم آزادکشمیر نے پلیٹ بازار کا دورہ بھی کیا۔