وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہاہے کہ آزادکشمیر میں زرعی ترقی کے لیے آزادکشمیر کے زرعی رقبہ کے تحفظ کا ایکٹ بنا دیا گیا ہے


وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہاہے کہ آزادکشمیر میں زرعی ترقی کے لیے آزادکشمیر کے زرعی رقبہ کے تحفظ کا ایکٹ بنا دیا گیا ہے جس کے تحت زرعی زمین کسی غیر زرعی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہوسکے گی۔گزشتہ ادوار میں محکمہ زراعت کو نظر انداز کیا گیا جس کے باعث آزادکشمیر میں زرعی فصلوں کی پیداوار میں اضافہ نہ ہوسکا۔زراعت اور لائیو سٹاک پر توجہ دی جاتی تو آج آزادکشمیر زرعی اجناس کے حوالے سے خود کفیل ہوجاتا محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک اپنی کارکردگی بڑھائے اور دونوں شعبوں کی ترقی پر توجہ دے۔سابقہ حکومتوں کی عدم توجہ کے باعث سونا اگلتی زمینوں نے فصل دینا چھوڑ دی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت کی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر فیزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان،وزیرخوراک چوہدری علی شان سونی، وزیر تعلیم دیوان علی چغتائی،پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی،سیکرٹری زراعت لائیوسٹاک و آبپاشی سردارجاوید ایوب،کمشنر چوہدری شوکت علی،ڈی آئی جی ڈاکٹر خالد محمود چوہان،ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال،ڈی جی منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری محمد منشاء نقشبندی،چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،میئر میونسپل کارپوریشن عثمان علی خالد، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت آصف جمیل،ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر قیوم بٹ،ڈاکٹر مجاہد یونس اور دیگر محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک اور آبپاشی کے افسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری زراعت،لائیو سٹاک و آبپاشی سردار جاوید ایوب نے محکمانہ بریفننگ دی اور بتایا کہ اس وقت آزاد کشمیر میں 4 لاکھ 84 ہزار 3 سو 45 ایکڑ کنال قابل کاشت رقبہ ہے جس میں سالانہ 5 فیصد اضافہ کرنے کا منصوبہ ہے اس طرح محکمہ زراعت کی سطع پر جدید طریقہ کاشت کو کسانوں میں متعارف کروایا جارہا ہے تاکہ ان کی فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ آضافہ ہوسکے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ زرعی ترقی کے بغیرمعاشی و اقتصادی ترقی اور خوشحالی نہیں آسکتی۔آزاد کشمیر میں  گندم،مکئی،سبزیات، پھولوں اور پھلوں کے باغات اگائے جائیں اس کے ساتھ لائیو سٹاک کو ترقی دی جائے تاکہ یہاں خوراک، گوشت اور دودھ کی ضرورت پوری ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ دنیا جدید ٹیکنالوجی استعمال کرکے زرعی لحاظ میں خود کفیل ہورہی ہے لیکن آزاد کشمیر میں جدید طریقہ کاشت کو استعمال نہیں کیا جارہا جس کے باعث فصلوں کی پیداوار کے نتائج حوصلہ افزاء نہیں ہیں انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کی زرعی زمین پر ہرقسم کی قیمتی اجناس سمیت زیتون، زعفران اور چائے کی کاشت کو بھی متعارف کروایا جائے اس طرح ہر قسم کے پھلوں کے باغات بھی لگائے جاسکتے ہیں ہمیں معمولی ضرورت کے پھول بھی باہر سے منگوانے پڑتے ہیں اگر پھولوں کی پیداوار پر ہی توجہ دی جائے تو یہ بھی ایک منافع بخش کاروبار ہے۔
وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں موسم گرما اور سرما کی فصلوں سمیت باغات لگانے پر توجہ دی جائے۔ڈویژن میرپور میں میرپور، بھمبر، برنالہ،کھڑی شریف میں گندم اور چاول کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔زرعی توسیع مراکز میں کسانوں کو زرعی مشورے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے اگاہ کیا جائے۔اس طرح آزادکشمیر میں دودھ اور گوشت کی ضروریات کو پوری کرنے کے لیے اچھی نسل کی گائیں، بھینسیں، بھیڑ بکریاں پالنے کے فارم بنائے جائیں۔انھوں نے کہاکہ آبادی میں جس تناظر سے اضافہ ہورہا ہے اگر ہم نے اس طرح زرعی پیداوار میں اضافہ نہ کیا تو خوارک کی کمی کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

Share This Post

More To Explore